اسلام آباد، 18 جون (اے پی پی): وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان نے صوبائی وزیر صنعت، تجارت و سرمایہ کاری پنجاب چوہدری شافع حسین سے ملاقات کی۔ ملاقات میں صنعتی ترقی، برآمدات پر مبنی معاشی نمو، صنعتی کاری، الیکٹرک گاڑیوں کے فروغ اور پاکستان میں مقامی مینوفیکچرنگ کو مضبوط بنانے کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
معاون خصوصی ہارون اختر خان نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان کی پہلی قومی صنعتی پالیسی تشکیل دی گئی ہے، جو صنعتی ترقی اور معاشی استحکام کے لیے جامع فریم ورک فراہم کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت صنعتی شعبے کی بحالی اور تیز رفتار ترقی کے لیے دن رات کوشاں ہے، جس کا مقصد صنعتی پیداوار میں اضافہ، برآمدات کا فروغ اور کاروبار دوست ماحول کا قیام ہے۔
ہارون اختر خان نے بتایا کہ مقامی مینوفیکچرنگ کے فروغ اور درآمدی انحصار میں کمی کے لیے موبائل ڈیوائسز اور الیکٹرانکس مینوفیکچرنگ پالیسی کا مسودہ تیار کر لیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آٹوموبائل، آٹو پارٹس اور بیٹری اسٹوریج پالیسیز بھی وزیراعظم کے وژن کے مطابق مرتب کی جا رہی ہیں۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ صنعتی ترقی اور چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروباری اداروں (ایس ایم ایز) کے فروغ میں صوبوں کا کردار انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ الیکٹرک گاڑیوں کا فروغ پاکستان کو جدید، ماحول دوست اور پائیدار صنعتی معیشت کی جانب لے جائے گا۔
ہارون اختر خان نے کہا کہ مقامی صنعت کے استحکام سے درآمدی انحصار میں کمی آئے گی اور نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ برآمدات میں اضافہ اور صنعتی پیداوار کا فروغ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
صوبائی وزیر صنعت، تجارت و سرمایہ کاری پنجاب چوہدری شافع حسین نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں پنجاب حکومت صنعتی ترقی اور ایس ایم ایز کے فروغ کے لیے مؤثر اقدامات کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ صنعتی ترقی پائیدار معاشی استحکام اور نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے ناگزیر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت کاروباری برادری کو سہولتیں فراہم کرنے اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔
چوہدری شافع حسین نے کہا کہ ایس ایم ایز کا استحکام ملکی معیشت کو مضبوط بنانے اور برآمدات بڑھانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ جدید صنعتی ترقی کے لیے ماحولیاتی تحفظ، معیار اور کوالٹی اسٹینڈرڈز پر خصوصی توجہ دینا ضروری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مقامی مینوفیکچرنگ کے فروغ سے نئی صنعتیں قائم ہوں گی اور نوجوانوں کے لیے روزگار کے ہزاروں مواقع پیدا ہوں گے۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ صنعت، تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں اصلاحات متعارف کروائی جا رہی ہیں تاکہ صوبے میں کاروبار دوست ماحول کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔
دونوں رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ صنعتی کاری، برآمدات میں اضافہ اور نجی شعبے کا استحکام پاکستان کی معاشی ترقی کے بنیادی ستون ہیں۔
معاون خصوصی وزیر اعظم ہارون اختر خان نے کہا کہ وفاقی اور پنجاب حکومت کے باہمی تعاون سے صنعتی شعبے میں ترقی اور نئی پیش رفت کا آغاز ہوگا۔











