خواتین کو بااختیار بنائے بغیر ملک کی پائیدار ترقی ممکن نہیں، ایزبل زہری

2

اسلام آباد، 17 جون (اے پی پی): رکن قومی اسمبلی ایزبل زہری نے خواتین کی تعلیم، صحت، معاشی ترقی اور مختلف شعبوں میں ان کی مؤثر شمولیت کے لیے مزید اقدامات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ خواتین کو بااختیار بنائے بغیر ملک کی پائیدار ترقی ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ خواتین ملکی آبادی کا ایک اہم حصہ ہیں اور ان کی ترقی اور فلاح کو یقینی بنانا قومی ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔

قومی اسمبلی میں بجٹ 27-2026 پر جاری بحث میں حصہ لیتے ہوئے ایزبل زہری کا مزید کہنا تھا کہ خواتین کو درپیش مسائل اور رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے انہیں محفوظ اور سازگار ماحول کی فراہمی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک خواتین کے لیے ایک محفوظ اور باوقار ماحول یقینی نہیں بنایا جائے گا، اس وقت تک ایک متوازن اور ترقی یافتہ معاشرے کا قیام ممکن نہیں ہو سکے گا۔

انہوں نے کہا کہ بجٹ محض معاشی اعداد و شمار کا مجموعہ نہیں بلکہ ایک ایسی دستاویز ہے جو حکومت کی ترجیحات کی عکاسی کرتی ہے۔ اس لیے ضروری ہے کہ خواتین کی فلاح و بہبود، تعلیم، صحت اور معاشی خودمختاری کے لیے مزید اقدامات کیے جائیں تاکہ انہیں بااختیار بنایا جا سکے اور قومی ترقی میں ان کے کردار کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔