اسلام آباد، 24 جون (اے پی پی): رکن قومی اسمبلی ریاض حسین پیرزادہ نے بدھ کو ایوان سے خطاب کرتے ہوئے اسپیکر سے بجٹ کی منظوری کے عمل کو جلد مکمل کرنے کی اپیل کی تاکہ یومِ عاشور کے احترام کے پیش نظر اجلاس بروقت ختم کیا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ آج آٹھ محرم الحرام ہے اور ماضی میں بھی اس موقع پر پارلیمانی کارروائی کو مختصر رکھنے کی روایت رہی ہے۔ انہوں نے اسپیکر سے درخواست کی کہ بجٹ کی منظوری کا عمل مکمل کیا جائے تاکہ اراکین اپنے گھروں کو جا کر اہلِ بیتؓ کے غم میں شریک ہو سکیں۔
ریاض حسین پیرزادہ نے کہا کہ وہ بطور سینئر پارلیمنٹیرین ایوان میں پیش آنے والے مختلف ادوار کے واقعات کے گواہ رہے ہیں، تاہم اختلافی معاملات کو زیر بحث لانے کے بجائے موجودہ کارروائی کو خوش اسلوبی سے مکمل کرنا زیادہ مناسب ہوگا۔
انہوں نے ماضی کے ایک پارلیمانی بحران کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس دوران سکیورٹی اہلکار طویل اوقات تک اپنی ذمہ داریاں انجام دیتے رہے۔ انہوں نے ارکان سے کہا کہ وزیر خزانہ کو بجٹ کی کارروائی مکمل کرنے کا موقع دیا جائے تاکہ اجلاس بروقت اختتام پذیر ہو سکے۔











