زرعی شعبے کی ترقی وقت کی اہم ضرورت ہے، رانا ارادت شریف خان

5

رکن قومی اسمبلی رانا ارادت شریف خان نے کہا ہے کہ زرعی شعبے کی ترقی وقت کی اہم ضرورت ہے، کیونکہ مضبوط کاشتکار ہی ملک کی معاشی ترقی میں کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں۔

قومی اسمبلی میں بجٹ 2026-27 پر جاری بحث میں حصہ لیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کاشتکاروں کو زرعی پیداوار کے بنیادی وسائل جیسے کھاد، زرعی ادویات، مشینری، پیٹرول اور دیگر ضروری زرعی وسائل پر زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جانا چاہیے تاکہ ان کی پیداواری لاگت میں کمی آئے اور زرعی پیداوار میں بہتری ممکن ہو سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ زرعی اجناس کے بہتر تحفظ اور منافع بخش قیمتوں کے حصول کے لیے جدید ایگریکلچر اسٹوریج سہولیات کو وسعت دینا ناگزیر ہے۔ اس سے نہ صرف اجناس کے ضیاع میں کمی آئے گی بلکہ کاشتکاروں کو اپنی پیداوار کا بہتر معاوضہ بھی حاصل ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ اس سلسلے میں مؤثر اور عملی اقدامات کیے جانے چاہئیں تاکہ زرعی معیشت کو مزید مستحکم بنایا جا سکے اور کاشتکاروں کو حقیقی معنوں میں فائدہ پہنچے۔