سیاسی اختلافات میں شائستگی اور نئی پارلیمانی روایات کو فروغ دیا جائے، خواجہ آصف

6

اسلام آباد، 23 جون (اے پی پی): وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف  نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایوان میں سیاسی اختلافات کے باوجود باہمی احترام، برداشت اور مثبت پارلیمانی روایات کو فروغ دینا وقت کی ضرورت ہے تاکہ جمہوری نظام مزید مستحکم ہو سکے۔

انہوں نے کہا پارلیمنٹ ایک باوقار ادارہ ہے اور حکومت یا اپوزیشن پر تنقید کرتے وقت تمام سیاسی جماعتوں کو اپنے طرز عمل کا جائزہ لینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں مختلف سیاسی جماعتیں اقتدار میں رہ چکی ہیں، اس لیے سیاسی تنقید حقائق اور شائستگی کے دائرے میں ہونی چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ پارلیمانی روایات کو مضبوط بنانے کے لیے تمام جماعتوں کو مثبت کردار ادا کرنا ہوگا،وزیر دفاع نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف  نے ایوان میں نئی پارلیمانی روایات قائم کرنے کی کوشش کی ہے اور حکومت و اپوزیشن کے درمیان خیرسگالی کے فروغ کے لیے مختلف اقدامات کیے ہیں۔

خواجہ آصف نے کہا کہ حالیہ قومی کامیابیوں پر پوری قوم کو متحد ہو کر ریاستی اداروں اور قیادت کی کاوشوں کو سراہنا چاہیے۔

انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر  کی خدمات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت میں پاکستان کے وقار میں اضافہ ہوا ہے۔