ملتان ،23 جون (اے پی پی ): منشیات کے استعمال اور غیر قانونی اسمگلنگ کے خلاف عالمی دن کے موقع پر ینگ پاکستانیز آرگنائزیشن اور ڈرگ ری ہیبیلیٹیشن سنٹر (ڈی آر سی) سوشل ویلفیئر ملتان کے زیر اہتمام ڈی آر سی ملتان میں “نوجوانوں میں منشیات کے استعمال میں اضافہ، وجوہات اور حل” کے عنوان سے خصوصی سیمینار، آگاہی واک اور شجرکاری مہم کا انعقاد کیا گیا۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی چیف ٹریفک آفیسر ملتان محمد نبیل کھوکھر تھے جبکہ مہمانِ اعزاز ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفیسر ملتان قمرالاسلام تھے۔ تقریب کی صدارت ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر ملتان عبدالعزیز خان نے کی۔
چیف ٹریفک آفیسر محمد نبیل کھوکھر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نئی نسل کو منشیات سے محفوظ رکھنے کے لیے تمام اداروں اور معاشرے کو مشترکہ ذمہ داری ادا کرنا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ سٹی پولیس آفیسر ملتان صادق علی ڈوگر کی ہدایت پر منشیات فروشوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری ہیں اور اس ناسور کے خاتمے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفیسر قمرالاسلام اور ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر عبدالعزیز خان نے کہا کہ ڈرگ ری ہیبیلیٹیشن سنٹر میں زیر علاج افراد کی بحالی کے ساتھ انہیں فنی تربیت بھی فراہم کی جا رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جو مریض ڈرائیونگ سیکھنے کے خواہش مند ہوں گے، انہیں ڈرائیونگ اسکول سے تربیت دلوا کر لائسنس کے حصول میں بھی معاونت فراہم کی جائے گی تاکہ وہ باعزت روزگار حاصل کر سکیں۔
دیگر مقررین سمیرا ستار، مخدوم شعیب اکمل ہاشمی قریشی، پروفیسر ڈاکٹر مرید حسین ملک اور نعیم اقبال نعیم نے کہا کہ شیشہ، سگریٹ، گٹکا، پان اور الیکٹرک سگریٹ جیسے بظاہر معمولی نشے نوجوانوں کو خطرناک منشیات کی جانب لے جاتے ہیں، اس لیے ان کے نقصانات سے آگاہی اور مؤثر روک تھام وقت کی اہم ضرورت ہے۔
سیمینار کے اختتام پر منشیات کے خلاف شعور اجاگر کرنے کے لیے آگاہی واک نکالی گئی جس کی قیادت چیف ٹریفک آفیسر محمد نبیل کھوکھر، ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفیسر قمرالاسلام اور ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر عبدالعزیز خان نے کی۔ بعد ازاں ڈی آر سی کے سبزہ زار میں شجرکاری مہم کے تحت پودا بھی لگایا گیا۔
اس موقع پر سجادہ نشین دربار حضرت داؤد جہانیاں مخدوم شعیب اکمل ہاشمی قریشی، چیئرمین ڈیپارٹمنٹ آف جینڈر اسٹڈیز بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر مرید حسین ملک، سابق اراکین نارکوٹکس کنٹرول کمیٹی پنجاب چوہدری ابرار حسین، ملک سلیمان اعوان، پروفیسر ڈاکٹر ریاض حسین، سپرنٹنڈنٹ ڈی آر سی سمیرا ستار، صدر ینگ پاکستانیز آرگنائزیشن نعیم اقبال نعیم، اسسٹنٹ ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر محمد میثم صدیقی، ایس ایچ او ویمن پولیس اسٹیشن انسپکٹر ارم حنیف، انسپکٹر سٹی ٹریفک پولیس سہیل احمد اور سماجی رہنما رشید عباس سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ تقریب کی نظامت پبلک ریلیشن آفیسر محمد نبیل خان نے کی۔











