اسلام آباد، 14 جون (اے پی پی): رکن قومی اسمبلی طاہرہ اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان میں جمہوری نظام اور عوامی نمائندگی کا تسلسل اس بات کی ضمانت ہے کہ قومی مسائل کا حل بات چیت اور مکالمے کے ذریعے ہی ممکن ہے۔
قومی اسمبلی میں بجٹ 27-2026 پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم اور اپوزیشن قیادت کے درمیان حالیہ گفتگو خوش آئند پیش رفت ہے اور اس سے ان کے اس یقین کو مزید تقویت ملی ہے کہ سیاسی مکالمہ ہی مسائل کے حل کا واحد راستہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی استحکام سے معاشی استحکام اور معاشی استحکام سے دفاعی استحکام وابستہ ہے۔
طاہرہ اورنگزیب نے کہا کہ گزشتہ برسوں کے دوران سیاسی بے یقینی اور احتجاجی سیاست نے ملکی معیشت کو نقصان پہنچایا جبکہ سیاسی عدم استحکام دشمن عناصر کی حوصلہ افزائی کرتا ہے۔ انہوں نے مسلح افواج کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے مشکل حالات میں قومی اتحاد کا مظاہرہ کیا۔
انہوں نے بجٹ میں صحت کے شعبے کے لیے مختص فنڈز، امراض قلب کے ہسپتالوں کی توسیع اور کینسر سے بچاؤ کے حفاظتی ٹیکوں پر ٹیکس و ڈیوٹی کے خاتمے کو عوام دوست اقدامات قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ تنخواہوں اور پنشن میں 7 فیصد اضافہ، متوسط طبقے کے لیے کریڈٹ کارڈ سہولیات اور بین الاقوامی لین دین پر ٹیکس میں کمی بھی اہم اقدامات ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملک کو درپیش معاشی، سیاسی اور دفاعی چیلنجز کے باوجود حکومت نے آئینی اور جمہوری طریقے سے مسائل کا سامنا کیا اور قومی معیشت کو بہتری کی جانب گامزن کیا۔











