اسلام آباد ،جون (اے پی پی ): متحدہ قومی موومنٹ کے رکن قومی اسمبلی سید وسیم حسین نے کہا ہے کہ کراچی میں پانی کا مسئلہ ایک اہم عوامی مسئلہ ہے جس کے حل کے لیے خصوصی توجہ اور مؤثر اقدامات کی ضرورت ہے،عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی حکومت اور تمام سیاسی قوتوں کی مشترکہ ترجیح ہونی چاہیے۔
اتوار کو قومی اسمبلی میں بجٹ 27-2026 کے اجلاس کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے سید وسیم حسین کا کہنا تھا کہ تعلیم، خصوصاً ہائر ایجوکیشن کے شعبے میں مزید اقدامات کیے جانے چاہئیں تاکہ نوجوانوں کو بہتر تعلیمی مواقع اور معیاری اعلیٰ تعلیم کی سہولیات میسر آ سکیں۔ انہوں نے اس شعبے کی ترقی کے لیے وسائل اور سہولیات میں اضافے کی ضرورت پر زور دیا۔
سید وسیم حسین نے کہا کہ سیاست سے بالاتر ہو کر عام آدمی کی فلاح و بہبود کو ترجیح دینا وقت کی اہم ضرورت ہے کیونکہ جب تک عوام کو بہتر تعلیم، صحت اور دیگر بنیادی سہولیات فراہم نہیں کی جائیں گی، اس وقت تک کوئی بھی ملک حقیقی معنوں میں ترقی نہیں کر سکتا۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مسائل کے حل اور سماجی ترقی کے لیے مشترکہ کوششیں ناگزیر ہیں۔











