شائستہ پرویز کا منشیات کے بڑھتے رجحان پر قابو پانے کی حکومتی کوششیں تیز کرنے پر زور

5

اسلام آباد، 17 جون (اے پی پی): قومی اسمبلی میں بجٹ 2026-27 پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے رکن قومی اسمبلی شائستہ پرویز نے بجٹ کو موجودہ معاشی حالات میں متوازن قرار دیتے ہوئے وزیر خزانہ اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہا۔

شائستہ پرویز نے مطالبہ کیا کہ منشیات کی روک تھام اور بحالی کے مراکز کیلئے بجٹ میں خصوصی فنڈز مختص کیے جائیں، ہر ضلع میں سرکاری بحالی مرکز قائم کیا جائے، تعلیمی اداروں میں آگاہی پروگرام متعارف کرائے جائیں اور منشیات فروشوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ذہنی صحت پر خصوصی توجہ اور مناسب وسائل کی فراہمی بھی وقت کی اہم ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی نوجوان آبادی ملک کا سب سے بڑا سرمایہ ہے تاہم منشیات کے بڑھتے استعمال نے اس قومی اثاثے کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاکھوں نوجوان منشیات کی لت کا شکار ہیں جس سے انسانی وسائل، صحت کے شعبے اور قومی معیشت کو بھاری نقصان پہنچ رہا ہے۔