اسلام آباد، 17 جون (اے پی پی): قومی اسمبلی میں بجٹ 2026-27 پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے رکن قومی اسمبلی مخدوم طاہر رشید الدین نے کہا کہ پاکستان کو مصنوعی ذہانت اور جدید ٹیکنالوجی کے شعبوں میں سرمایہ کاری بڑھانے، عالمی کمپنیوں کے ساتھ شراکت داری کرنے اور برآمدات میں اضافے کیلئے خصوصی مراعات دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے تجویز دی کہ مصنوعی ذہانت کی کمپنیوں کیلئے 100 ارب روپے کا فنڈ قائم کیا جائے۔
مخدوم طاہر رشید الدین نے ٹیکسٹائل صنعت کو مزید مراعات دینے، تمباکو کی غیر قانونی تجارت کی روک تھام اور متوازن ٹیکس نظام متعارف کرانے پر زور دیا۔ انہوں نے جنوبی پنجاب کیلئے قومی مالیاتی کمیشن میں الگ حصہ، ترقیاتی منصوبوں اور پانی کی قلت کے مسئلے کے حل کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ خطے کے عوام کو ان کے وسائل کے مطابق حقوق دیے جائیں۔











