صوبائی وزیر اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ سے امریکی قونصلر جنرل لاہور کی ملاقات، اقلیتی فلاح اور تعلیمی منصوبوں پر تعاون بڑھانے پر اتفاق

2

لاہور، 19 جون(اے پی پی): صوبائی وزیر اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑہ سے امریکی قونصلر جنرل لاہور سٹیٹسن سینڈرز (Stetson Sanders) اور سندیپ پال نے اہم ملاقات کی، جس میں پنجاب حکومت اور امریکی قونصل خانے کے درمیان جاری باہمی تعاون، اقلیتی فلاحی منصوبوں، مذہبی سیاحت اور تعلیمی پروگراموں سمیت مختلف امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران صوبائی وزیر سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے امریکی قونصلر جنرل کو پنجاب حکومت کی جانب سے اقلیتوں کی فلاح و بہبود، ترقی اور مذہبی آزادی کے فروغ کے لیے اٹھائے گئے اہم اقدامات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں اقلیتی برادری کو مساوی حقوق اور بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے متعدد عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

امریکی قونصلر جنرل سٹیٹسن سینڈرز نے پنجاب حکومت کی جانب سے اقلیتی برادری کے لیے جاری ترقیاتی اور بحالی منصوبوں کو سراہتے ہوئے انہیں مؤثر اور قابلِ تقلید قرار دیا۔ اس موقع پر اقلیتی طلبہ کے لیے شروع کیے گئے ای لرننگ پروگرام کو بھی ایک اہم اور مؤثر تعلیمی اقدام قرار دیا گیا۔

ملاقات میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے اقلیتی فلاحی ویژن اور عملی اقدامات کی تعریف کی گئی، جبکہ مذہبی سیاحت کے فروغ اور زائرین کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے باہمی تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔

فریقین نے اسٹوڈنٹ ایکسچینج پروگرام کو وسعت دینے اور نوجوانوں کے لیے بین الاقوامی تعلیمی و پیشہ ورانہ مواقع میں اضافے کے امکانات پر بھی گفتگو کی۔ امریکی قونصل خانے کی جانب سے مختلف سماجی اور تعلیمی منصوبوں میں تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

ملاقات کے اختتام پر دونوں جانب سے دوطرفہ تعلقات اور عوامی سطح پر روابط کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا، جبکہ اقلیتی امور کے شعبے میں پنجاب حکومت کے اقدامات کو مؤثر، مثبت اور قابلِ تقلید قرار دیا گیا۔