صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور پنجاب سردار رمیش سنگھ اروڑہ سے چین کے قونصل جنرل سن یان کی ملاقات

3

لاہور، 30 جون( اے پی پی ) : صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور پنجاب سردار رمیش سنگھ اروڑہ سے چین کے قونصل جنرل سن یان نے ملاقات کی۔ ملاقات میں پنجاب میں اقلیتوں کی فلاح، بین المذاہب ہم آہنگی، سی پیک فیز ٹو اور باہمی تعاون کے فروغ پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔صوبائی وزیر اقلیتی امور نے چین کے قونصل جنرل کو وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے اقلیت دوست اقدامات سے آگاہ کیا ۔صوبائی وزیر نے چینی قونصل جنرل کو کرتارپور راہداری کے دورے کی دعوت دے دی۔چینی قونصل جنرل سن یان نے لاہور کی ثقافتی ورثے، مذہبی ہم آہنگی اور عوام کی مہمان نوازی کو سراہا چین اور پنجاب کے درمیان ڈیجیٹل لٹریسی اور اقلیتوں کی معاشی خودمختاری کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کا وژن “اقلیتیں میرا فخر ہیں”، پنجاب حکومت اسی وژن پر عمل پیرا ہے، پنجاب حکومت ایک لاکھ مستحق اقلیتی خاندانوں کو منارٹی کارڈ کے ذریعے مالی معاونت فراہم کر رہی ہے،اقلیتی نوجوانوں کے لیے ای لرن پروگرام اور ڈیجیٹل لٹریسی کے منصوبے شروع کیے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آؤٹ آف اسکول بچوں کو تعلیم کے دھارے میں لانے اور اقلیتی نوجوانوں کے لیے CSS تیاری پروگرام شروع کیے جا رہے ہیں جین مندر، ہندو مندروں، گرجا گھروں، بدھ عبادت گاہوں اور سکھ گوردواروں کی بحالی پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے،اقلیتی آبادیوں میں ترقیاتی منصوبوں اور قبرستانوں کی چار دیواری کے منصوبے منظور کیے جا چکے ہیں۔  رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ کرسمس، دیوالی، ہولی، ایسٹر، بیساکھی اور گورپورب سرکاری سطح پر منانے سے بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ ملا ہے،  پاکستان نے کرتارپور راہداری سکھ یاتریوں کے لیے 24 گھنٹے کھلی رکھی ہے، بھارت کو بھی مثبت کردار ادا کرنا چاہیے،سی پیک فیز ٹو پنجاب کی زراعت اور جدید ٹیکنالوجی کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔صوبائی وزیر کی جانب سے چینی جامعات میں پاکستانی اقلیتی طلبہ کے لیے خصوصی اسکالرشپس اور تعلیمی کوٹے کی تجویز پیش کی گئی۔