ہارٹی کلچر ایجنسی ملتان کی پبلسٹی فیس ٹھیکہ 2026-27 کی کامیاب نیلامی، ادارے کی سیلف انکم میں نمایاں اضافہ

4

ملتان،30 جون(اے پی پی) ہارٹی کلچر ایجنسی ملتان کے زیر اہتمام مالی سال 2026-27 کے لیے پبلسٹی فیس ٹھیکہ کی نیلامی شفاف انداز میں منعقد کی گئی۔ نیلامی کی کارروائی ڈائریکٹر ایڈمن اینڈ فنانس محمد ندیم ملک کی زیر نگرانی بطور کنوینئر انجام پائی۔

 اس موقع پر ڈائریکٹر ہارٹی کلچر سعد قریشی، ڈپٹی کمشنر آفس، فنانس ڈیپارٹمنٹ اور ہاؤسنگ ڈیپارٹمنٹ کے نمائندگان بھی موجود تھے۔سرکاری طور پر پبلسٹی فیس ٹھیکہ کی ابتدائی بولی 24 کروڑ 35 لاکھ 4 ہزار روپے سے شروع ہوئی، جبکہ مجموعی طور پر سات ٹھیکے داروں نے نیلامی کے عمل میں حصہ لیا۔ سخت مقابلے کے بعد اے ڈی ایل ایل کنسٹرکشن نے 24 کروڑ 46 لاکھ روپے کی سب سے زیادہ بولی دے کر ٹھیکہ حاصل کر لیا۔

اس موقع پر منیجنگ ڈائریکٹر ہارٹی کلچر ایجنسی سید وسیم حسن نے کامیاب نیلامی کے انعقاد پر پوری ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ادارے کی سیلف انکم میں اضافہ خوش آئند ہے، جس سے ادارے کو مزید مالی استحکام حاصل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ریکوری اہداف کے حصول کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا اور حاصل ہونے والے وسائل کو شہر کی خوبصورتی، بیوٹیفیکیشن منصوبوں، شجرکاری مہم اور شہری سہولیات کی بہتری پر خرچ کیا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ملازمین کی فلاح و بہبود کے لیے اقدامات کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا، جبکہ آئندہ بھی ادارے کی سیلف انکم بڑھانے کے لیے مؤثر حکمت عملی اپنائی جائے گی تاکہ ملتان کو مزید سرسبز، خوبصورت اور ماحول دوست شہر بنایا جا سکے۔