اسلام آباد،17 جون (اے پی پی): پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما شازیہ مری نے کہا ہے کہ صوبوں کے آئینی مالیاتی حصے پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور یہ حق طویل سیاسی جدوجہد کے بعد حاصل کیا گیا ہے۔
بدھ کو قومی اسمبلی میں آئندہ مالی سال کے وفاقی بجٹ پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صوبوں کے حقوق کوئی آسانی سے حاصل ہونے والی چیز نہیں بلکہ یہ سڑکوں اور سیاسی جدوجہد کے ذریعے حاصل کیے گئے ہیں، اس لیے انہیں واپس لینے یا کمزور کرنے کی کسی بھی کوشش کو قبول نہیں کیا جا سکتا۔
شازیہ مری نے کہا کہ ایک مضبوط وفاق اسی وقت قائم رہ سکتا ہے جب اس کی اکائیاں مضبوط ہوں، اور یہی حقیقی جمہوری روح ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی نظام میں صوبوں کے حقوق کا تحفظ بنیادی حیثیت رکھتا ہے۔انہوں نے اسپیکر کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ہمیشہ ایوان میں نظم و ضبط برقرار رکھنے اور ہر رکن کو بات کرنے کا موقع دینے کی کوشش کی ہے، جو قابلِ تعریف ہے۔
این ایف سی ایوارڈ سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صوبوں کے آئینی حصے میں کسی قسم کی تبدیلی یا کمی نہیں ہونے دی گئی۔ ان کے مطابق بعض حلقوں میں اس حوالے سے غلط تاثر پھیلایا گیا تھا، تاہم بعد ازاں صورتحال واضح ہو گئی۔انہوں نے کہا کہ دفاع اور سیکیورٹی کے معاملات میں وفاق کے ساتھ ساتھ صوبوں کا تعاون بھی ضروری ہے، اسی لیے آئینی طریقہ کار کے تحت تمام اکائیوں نے اتفاقِ رائے سے اس معاملے کو آگے بڑھایا۔
شازیہ مری نے مزید کہا کہ سندھ اور بلوچستان کی حکومتوں سمیت تمام اکائیوں نے اس اتفاقِ رائے کی حمایت کی، جو ایک مثبت پیش رفت ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو غربت اور مہنگائی جیسے معاشی چیلنجز کا بھی سامنا ہے جن پر سنجیدہ غور کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ خطے اور عالمی سطح پر امن، مذاکرات اور ڈی-ایسکلیشن کو فروغ دیا ہے اور حالیہ پیش رفت بھی اسی پالیسی کا تسلسل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے جس نے امن کے لیے بڑی قربانیاں دی ہیں اور ہمیشہ سفارتی حل پر یقین رکھا ہے۔
شازیہ مری نے کہا کہ پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت نے ملکی استحکام اور امن کے فروغ کے لیے اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے صدر آصف علی زرداری، وزیرِاعظم شہباز شریف، اسحاق ڈار اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ سب اقدامات ملک میں امن اور استحکام کے لیے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتے ہیں۔انہوں نے گلگت بلتستان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہاں کے عوام نے تاریخی طور پر سیاسی شعور اور قربانیاں دی ہیں اور مختلف ادوار میں سیاسی قیادت نے اس خطے کی ترقی کے لیے کردار ادا کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہمیشہ عوامی حقوق اور وفاقی اکائیوں کی مضبوطی کے لیے کام کرتی رہی ہے اور مستقبل میں بھی اسی عزم کے ساتھ اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔











