عرفان علی لغاری کا سیلاب زدگان کی بحالی، پانی کی منصفانہ تقسیم اور بنیادی سہولیات کی فراہمی پر زور

4

اسلام آباد، 17 جون (اے پی پی): قومی اسمبلی میں بجٹ 2026-27 پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے رکن قومی اسمبلی عرفان علی لغاری نے کہا کہ بجٹ کی تشکیل میں عام آدمی، غریب طبقے اور کم آمدنی والے خاندانوں کو مدنظر رکھا جانا چاہیے۔ انہوں نے بڑھتے گھریلو اخراجات کو مدنظر رکھتے ہوئے سماجی تحفظ کے پروگراموں اور روزگار کے مواقع میں اضافے کی تجویز دی۔

انہوں نے کہا کہ 2022 کے سیلاب سے سندھ کے مختلف علاقوں میں شدید تباہی ہوئی تھی اور متاثرہ علاقوں کی مکمل بحالی کیلئے مزید فنڈز فراہم کیے جانے چاہئیں۔ انہوں نے موسمیاتی تبدیلی، دریائے سندھ کے پانی کی منصفانہ تقسیم اور کسانوں کو درپیش مشکلات کے حل پر بھی زور دیا۔

عرفان علی لغاری نے دادو، میہڑ اور خیرپور ناتھن شاہ میں بجلی، گیس، ریلوے سروسز اور آر بی او ڈی منصوبے کی دیکھ بھال کیلئے فنڈز مختص کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ علاقے کے عوام ترقیاتی منصوبوں کے منتظر ہیں۔