فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے بحرین نیشنل گارڈ کے کمانڈر کی ملاقات، دفاعی تعاون بڑھانے پر اتفاق

2

راولپنڈی، 09 جون(اے پی پی ): فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز سے بحرین نیشنل گارڈ کے کمانڈر جنرل شیخ محمد بن عیسیٰ بن سلمان آل خلیفہ نے جنرل ہیڈکوارٹرز راولپنڈی میں  ملاقات کی۔ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی کی صورتحال اور دو طرفہ دفاعی و سکیورٹی تعاون کو مزید بڑھانے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں معززین نے پاکستان اور بحرین کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا اور عسکری تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔

قبل ازیں، کمانڈر بحرین نیشنل گارڈ نے چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف اور چیف آف دی ایئر اسٹاف ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے الگ الگ ملاقاتیں بھی کیں۔نیول ہیڈکوارٹرز میں ہونے والی ملاقات میں دو طرفہ دفاعی تعاون اور علاقائی سکیورٹی حرکیات پر توجہ مرکوز رہی۔ بحرینی کمانڈر نے خطے میں تعاون پر مبنی میری ٹائم سکیورٹی کو فروغ دینے میں پاکستان نیوی کے تعمیری کردار کو سراہا اور اسے علاقائی میری ٹائم سکیورٹی کا ضامن قرار دیا۔

ایئر ہیڈکوارٹرز میں ملاقات کے دوران چیف آف دی ایئر اسٹاف نے پاک فضائیہ کی جدیدیت کے اقدامات بشمول استعداد کار میں اضافہ، انفراسٹرکچر کی ترقی، مقامی سطح پر تیاری اور اعلیٰ تربیتی اصلاحات کو اجاگر کیا۔ گفتگو میں ڈرونز، مصنوعی ذہانت، خودکار نظام، جدید سینسرز اور ڈیجیٹل اختراعات جیسی ابھرتی ہوئی دفاعی ٹیکنالوجیز کے ساتھ فضائی دفاع کے چیلنجز اور مربوط دفاعی ڈھانچے پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔

بحرینی کمانڈر نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت، آپریشنل تیاری اور علاقائی امن و استحکام کے لیے کردار کو سراہا۔ انہوں نے پاکستانی مسلح افواج کی جدیدیت اور مقامی صلاحیتوں کی تعریف کی اور تربیت، ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز اور استعداد کار بڑھانے کے اقدامات میں مزید تعاون میں دلچسپی ظاہر کی۔

یہ دورہ پاکستان اور بحرین کے درمیان مضبوط اور دیرپا دفاعی شراکت داری کا عکاس ہے اور توقع ہے کہ اس سے دونوں برادر ممالک کے درمیان دو طرفہ عسکری تعاون کو مزید فروغ ملے گا۔