سماجی تحفظ ملکی معیشت اور ترقی میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے، عمران احمد شاہ

4

اسلام آباد،09 جون(اے پی پی ): وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ سید عمران احمد شاہ نے کہا ہے کہ حکومتِ پاکستان وزیراعظم کے وژن کے مطابق سماجی تحفظ کے پروگراموں کو ہنرمندی کی تربیت کے ذریعے وسعت دے رہی ہے تاکہ روزگار کے مزید مواقع پیدا کیے جا سکیں، سماجی تحفظ پاکستان کی معاشی پالیسی کا ایک مرکزی جزو ہے اور اس کے مثبت معاشی اثرات ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

کنونشن سینٹر اسلام آباد میں سماجی تحفظ پر ہائی لیول پالیسی مکالمے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پیش کیے گئے شواہد نے سماجی تحفظ کی اہمیت اور اس کے مثبت معاشی اثرات کو مزید اجاگر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاشی اصلاحات اور سماجی تحفظ کے اقدامات میں ہم آہنگی ملکی ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔ وفاقی وزیر نے کمزور طبقات کی فلاح و بہبود کے لیے بین الاقوامی شراکت داروں کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ بی آئی ایس پی کی خدمات لاکھوں مستحق خاندانوں کی زندگیوں میں بہتری لا رہی ہیں۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ غریب اور کمزور طبقات کے لیے مزید مواقع پیدا کرنے اور سماجی تحفظ کے نظام کو مضبوط بنانے کے لیے تمام متعلقہ اداروں کے درمیان تعاون کو مزید فروغ دیا جائے گا۔