اسلام آباد، 16جون(اے پی پی):
رکن قومی اسمبلی نصیر احمد عباس سدھو نے پاکستان کے عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ چند ہفتوں کے دوران دنیا نے ایک نئے پاکستان کو دیکھا، ایسا پاکستان جو نہ صرف اپنے دفاع کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے بلکہ خطے اور دنیا میں امن کے قیام کے لیے بھی ایک اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پاکستان کے مؤقف کو مؤثر انداز میں دنیا کے سامنے پیش کیا اور امن و استحکام کے لیے مذاکرات کی حمایت کی۔ انہوں نے کہا کہ آج دنیا پاکستان کو ایک ذمہ دار ریاست کے طور پر دیکھ رہی ہے، جو ہر پاکستانی کے لیے باعث فخر ہے۔
آج قومی اسمبلی میں بجٹ 2026-27 پر جاری بحث میں حصہ لیتے ہوئے ان کا مزید کہنا تھا کہ حالیہ معرکۂ حق میں پاکستان نے اپنی طاقت، عزم اور صلاحیتوں کا عملی مظاہرہ کیا اور بہادر افواج اور قیادت نے مل کر دشمن کے عزائم خاک میں ملا دیے۔ انہوں نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور عسکری قیادت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم اپنی افواج کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کی قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ غیر معمولی معاشی اور علاقائی چیلنجز، عالمی غیر یقینی صورتحال اور بیرونی دباؤ کے باوجود حکومت نے معیشت کو سنبھالا اور عوام پر کم سے کم بوجھ ڈالنے کی کوشش کی۔ انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ مشکل حالات میں ایک متوازن اور حقیقت پسندانہ بجٹ پیش کیا گیا، جس میں معاشی استحکام اور عوامی ریلیف کے درمیان توازن برقرار رکھنے کی کوشش کی گئی۔
نصیر احمد عباس سدھو نے تمام صوبائی حکومتوں کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے قومی مفاد کو مقدم رکھتے ہوئے مالی نظم و ضبط برقرار رکھنے میں اپنا کردار ادا کیا۔ انہوں نے اپوزیشن جماعتوں، بالخصوص بلاول بھٹو زرداری، کے ذمہ دارانہ رویے کو بھی سراہا اور کہا کہ قومی معاملات پر سنجیدگی اور برداشت کا یہی طرز عمل ملک کو آگے لے کر جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ عالمی حالات کے پیش نظر قومی سلامتی کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے، اس لیے مالی گنجائش کے مطابق دفاعی ضروریات کے لیے مزید وسائل مختص کیے جانے چاہئیں تاکہ مسلح افواج جدید تقاضوں کے مطابق اپنی صلاحیتوں کو مزید مضبوط بنا سکیں۔ انہوں نے تنخواہ دار طبقے کے لیے ٹیکس میں نرمی، ہاؤسنگ سیکٹر کے فروغ اور کاروباری سرگرمیوں کے لیے کیے گئے اقدامات کو خوش آئند قرار دیا۔
انہوں نے زراعت کو ملکی معیشت کی بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ کسان مضبوط ہوگا تو پاکستان مضبوط ہوگا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ کسانوں کے لیے خصوصی پیکج متعارف کرایا جائے اور معیاری بیج، کھاد، زرعی مشینری اور آسان قرضوں کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ خوراک میں خود کفالت بیرونی دباؤ کا مقابلہ کرنے کے لیے ناگزیر ہے، اس لیے زراعت میں سرمایہ کاری دراصل پاکستان کے محفوظ مستقبل میں سرمایہ کاری ہے۔
انہوں نے وزیراعظم اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی توجہ اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کی جانب دلاتے ہوئے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی قومی ہیرو ہیں، جو اپنے خاندانوں کی کفالت کے ساتھ ساتھ اربوں ڈالر وطن بھیج کر ملکی معیشت کو سہارا دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ترسیلات زر میں مزید اضافہ اور اوورسیز پاکستانیوں کا اعتماد برقرار رکھنے کے لیے انہیں زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کرنا وقت کی ضرورت ہے۔











