ماضی کے تلخ تجربات سے سبق سیکھتے ہوئے جمہوری روایات، باہمی احترام اور سیاسی مکالمے کو فروغ دیں ، خواجہ آصف  

3

اسلام آباد، 24 جون (اے پی پی): وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے قومی اسمبلی میں بجٹ اجلاس کے دوران سیاسی جماعتوں پر زور دیا ہے کہ وہ  ماضی کے تلخ تجربات سے سبق سیکھتے ہوئے جمہوری روایات، باہمی احترام اور سیاسی مکالمے کو فروغ دیں۔

ایوان میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ماضی میں پارلیمان کے اندر سخت سیاسی کشیدگی اور تلخ واقعات دیکھنے میں آئے، تاہم بالآخر سابق وزیراعظم نواز شریف اور سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو نے اس بات کا ادراک کیا کہ سیاسی اختلافات کے باوجود جمہوری نظام کے استحکام کے لیے ایک دوسرے کے ساتھ احترام اور رابطے کا رشتہ برقرار رہنا چاہیے، جس کے نتیجے میں میثاقِ جمہوریت وجود میں آیا۔

خواجہ آصف نے کہا کہ تمام سیاسی قوتوں کو چاہیے کہ وہ میثاقِ جمہوریت کی روح کے مطابق آگے بڑھیں اور اگر موجودہ حالات کے تناظر میں اس معاہدے میں مزید بہتری یا نئی شقوں کی ضرورت محسوس ہوتی ہے تو انہیں باہمی اتفاق رائے سے شامل کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں حکومت اور اپوزیشن، دونوں ادوار میں پارلیمان کے اندر ایسے واقعات رونما ہوئے جن پر سب کو اپنا احتساب کرنا چاہیے۔ انہوں نے زور دیا کہ تمام سیاسی جماعتیں ماضی کی غلطیوں سے سیکھتے ہوئے پارلیمانی روایات اور جمہوری اقدار کے فروغ کے لیے مشترکہ کردار ادا کریں۔