حکومت پاکستان اور وزارتِ مذہبی امور کی مسلسل کاوشوں کے نتیجے میں حج انتظامات کو عالمی سطح پر سراہا جانا پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہے، وزیراعظم

4

اسلام آباد، 24 جون  (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے حج 2026 کے بہترین انتظامات پر وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف اور وزارت کے افسران و عملے کی بھرپور پزیرائی کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت پاکستان اور وزارتِ مذہبی امور کی مسلسل کاوشوں کے نتیجے میں حج انتظامات کو عالمی سطح پر سراہا جانا پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے  وزارت مذہبی امور اور نجی شعبے سے تعلق رکھنے والے حج 2026 کے منتظمین سے  ملاقات میں کیا۔   منتظمین نے  وزیر اعظم کو    بریفنگ  میں بتایا کہ دورانِ حج پاکستانی حجاج کو بہترین سہولیات فراہم کرنے پر سعودی حکومت کی جانب سے تین نجی پاکستانی منتظمین (المعراج منظم کے محمد عفان ذیشان، ابراہیم منظم کے محمد شاہد رفیق اور الفتاح منظم کے زعیم اختر) کو بالترتیب اول، دوم اور سوم پوزیشن حاصل کرنے پر ‘لبیتم ایکسلنس ایوارڈ’ (Labbaytum Excellence Award) سے نوازا گیا ہے، جب کہ ڈائریکٹر جنرل حج عبد الوہاب سومرو کو بھی شاندار کارکردگی پر اس ایوارڈ کا حقدار ٹھہرایا گیا ہے۔ وزیراعظم نے تمام ایوارڈ یافتگان کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ اعزاز بلاشبہ پاکستان کے لیے فخر کا باعث ہے، کیونکہ ان منتظمین نے خدمت، محنت اور دیانت کے جذبے سے نہ صرف اللہ کی رحمت اور عازمین کی دعائیں سمیٹیں بلکہ دنیا بھر میں پاکستان کا نام بھی روشن کیا، اور انہوں نے امید ظاہر کی کہ اگلے سال حج کے موقع پر خدمت کا یہ معیار نہ صرف برقرار رکھا جائے گا بلکہ اسے مزید بہتر بنا کر مزید ایوارڈز جیتے جائیں گے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف، وفاقی وزیر رانا ثناء اللہ، سیکریٹری مذہبی امور ابرار احمد مرزا، ڈی جی حج اور متعلقہ کمپنیوں کے سی ای اوز بھی موجود تھے۔