محدود مالی وسائل کے باوجود حکومت نے کسانوں، مزدوروں، طلبہ، تاجروں اور دیگر طبقات کو ریلیف فراہم کرنے کی کوشش کی ہے، آفتاب احمد شیخ

6

اسلام آباد،15 جون(اے پی پی ):  رکن قومی اسمبلی آفتاب احمد شیخ نے موجودہ بجٹ کو ملکی معاشی حالات کے تناظر میں متوازن اور بہتر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ محدود مالی وسائل کے باوجود حکومت نے کسانوں، مزدوروں، طلبہ، تاجروں اور دیگر طبقات کو ریلیف فراہم کرنے کی کوشش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی اقتصادی ترقی اور روزگار کے مواقع میں اضافے کے لیے صنعتی شعبے کی بحالی اور زرعی شعبے کی مضبوطی ناگزیر ہے۔

آج قومی اسمبلی میں بجٹ 2026-27 پر اظہار خیال کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ زرعی شعبے کو مزید سہولیات اور معاونت فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ صنعتوں کی بحالی سے روزگار کے مواقع میں اضافہ ہوگا اور مزدور طبقے کی مشکلات میں کمی آئے گی۔

انہوں نے تنخواہوں میں سات فیصد اضافے کو مزید بڑھانے کی تجویز دی اور کہا کہ موجودہ مہنگائی کے تناظر میں تنخواہوں میں مزید اضافہ کیا جانا ناگزیر ہے تاکہ سرکاری ملازمین کے مسائل کم ہوں اور انہیں زیادہ سے زیادہ ریلیف مل سکے۔

آفتاب احمد شیخ نے وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں حکومت کی معاشی پالیسیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ مشکل حالات کے باوجود ملک کو معاشی استحکام کی جانب گامزن کیا گیا ہے اور قومی اہداف کے حصول کے لیے مزید محنت اور تسلسل کی ضرورت ہے۔

انہوں نے بین الاقوامی اور سفارتی سطح پر پاکستان کی کوششوں کو بھی سراہا اور کہا کہ پاکستان نے دنیا میں ایک مثبت اور ذمہ دار ریاست کا تاثر اجاگر کیا ہے۔ انہوں نے ایران اور امریکہ کے درمیان کشیدگی کے خاتمے کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو امن کے قیام کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان اقدامات سے عالمی سطح پر پاکستان کا وقار مزید بلند ہوا ہے۔