محرم الحرام: لودھراں میں مرکزی کنٹرول روم مکمل فعال، جلوسوں اور مجالس کی کڑی نگرانی جاری

0

لودھراں ،25 جون (اےپی پی)محرم الحرام کے دوران قیامِ امن، رواداری، بھائی چارے کے فروغ اور سکیورٹی کی مؤثر مانیٹرنگ کے لیے لودھراں ضلعی انتظامیہ کا مرکزی کنٹرول روم مکمل طور پر فعال کر دیا گیا ہے۔

 ڈپٹی کمشنر محمد اشرف اور ڈی پی او علی بن طارق نے اے ڈی سی آر آفس میں قائم مرکزی کنٹرول روم کا دورہ کیا اور مواصلاتی مانیٹرنگ سسٹم، جلوسوں و مجالس کی لائیو مانیٹرنگ سمیت سکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے کہا کہ عاشورہ محرم کے تمام جلوسوں اور مجالس کی مسلسل نگرانی یقینی بنائی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے باہمی رابطے کے ذریعے منظم سکیورٹی پلان پر عمل درآمد جاری ہے اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے ساتھ پرامن ماحول برقرار رکھنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

 انہوں نے ہدایت کی کہ کنٹرول روم کا عملہ ہر قسم کی اطلاع پر فوری ردعمل کو یقینی بنائے۔ڈی پی او علی بن طارق نے کہا کہ پولیس کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت الرٹ ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام متعلقہ اداروں اور سٹیک ہولڈرز کے ساتھ مسلسل رابطہ رکھا جا رہا ہے جبکہ مشتبہ افراد یا سرگرمیوں کی فوری اطلاع متعلقہ اداروں تک پہنچانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام اور شہریوں کے تحفظ کے لیے جامع اور مؤثر سکیورٹی اقدامات جاری رہیں گے۔