ڈیرہ اسماعیل خان :نو محرم الحرام: مرکزی جلوس امام بارگاہ بموں شاہ سے برآمد، جامع مسجد لاٹو فقیر پر اختتام پذیر ہوگا

0

ڈیرہ اسماعیل خان ،25جون (اے پی پی): نو محرم الحرام کا مرکزی جلوس  امام بارگاہ بموں شاہ سے برآمد ہوا جو اپنے روایتی راستوں جلوس خمینی چوک، حسینی چوک،  تھلہ فضل شاہ، تھلہ یلہ شاہ، تھلہ حضرت عباس، حیدری چوک، تھلہ حیدر شاہ شیرازی  سے ہوتا ہوا جامع مسجد لاٹو فقیر (حضرت علی) پر اختتام پذیر ہو گا۔

جلوس میں شریک عزاداروں نے واقعۂ کربلا کے شہداء، بالخصوص حضرت امام حسینؓ، اہلِ بیتؓ اور رفقائے شہداء کی یاد میں نوحہ خوانی، ماتم داری اور سینہ زنی کی۔ عزاداروں نے شہدائے کربلا کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور ان کی عظیم قربانیوں کو یاد کیا۔

جلوس کے راستوں پر سبیلوں، لنگر اور نیاز کا خصوصی اہتمام کیا گیا تھا جبکہ ریڈ کراس اور آئی ایس او پاکستان کی جانب سے طبی امداد کے کیمپ بھی قائم کیے گئے تھے.

 جلوس کے موقع پر سکیورٹی کے انتہائی سخت اقدامات کئے گئے تھے۔  پولیس، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں،  سیکیورٹی فورسز کے ساتھ ساتھ شیعہ انجمنوں کے رضا  کاربھی سیکیورٹی کے فرائض سرانجام دیتے رہے۔ جلوس کے اختتام پر محرم الحرام میں قیام امن، ملک و قوم کی سلامتی اور  مظلوم کشمیریوں اور فلسطینوں کے لئے خصوصی دعا ئیں کی گئیں۔