محرم الحرام: ملتان میں سکیورٹی، صفائی اور جلوس روٹس کی اپ گریڈیشن کے انتظامات مکمل

5

ملتان ،15 جون (اے پی پی ) محرم الحرام کے دوران امن و امان، صفائی ستھرائی اور جلوس و مجالس کے روٹس کی بہتری کے لیے ضلعی انتظامیہ اور پولیس نے انتظامات کو حتمی شکل دے دی ہے۔ کمشنر ملتان عامر کریم خاں اور ریجنل پولیس آفیسر عثمان گوندل نے ضلعی و پولیس حکام کے ہمراہ محرم الحرام کے جلوس و مجالس کے روٹس کا تفصیلی دورہ اور انسپکشن کیا۔

اس موقع پر سی پی او صادق ڈوگر، ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق، چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن اقبال خان اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔ کمشنر ملتان نے جلوس روٹس پر سٹریٹ لائٹس، پیچ ورک، صفائی اور سیوریج لائنوں کی فوری بحالی کے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ لائسنس داران کے تمام مسائل اور شکایات کا محرم الحرام سے قبل ازالہ یقینی بنایا جائے گا۔

انہوں نے ہدایت کی کہ میونسپل کارپوریشن اور ضلع کونسل کے حکام عزاداران اور لائسنس داران کو تمام ضروری سہولیات کی بروقت فراہمی یقینی بنائیں۔ کمشنر نے کہا کہ جلوس روٹس پر صفائی، سیوریج اور تجاوزات سے متعلق مسائل کا حل انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور تمام متعلقہ ادارے باہمی رابطے کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں ادا کریں گے۔

آر پی او ملتان عثمان گوندل نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران شہر اولیاء میں مثالی امن و امان برقرار رکھا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ شرپسندی، اشتعال انگیزی اور مذہبی منافرت پھیلانے والے عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور ریاست ایسے عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹے گی۔

ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلعی انتظامیہ نے محرم الحرام کے انتظامات اور لائسنس داران کی سہولت کے لیے تمام تیاریاں مکمل کر لی ہیں جبکہ جلوس روٹس پر مختلف محکموں کے خصوصی کیمپ بھی قائم کیے جا رہے ہیں۔

سی پی او صادق ڈوگر نے کہا کہ دفعہ 144 کے تحت بغیر اجازت ریلیوں اور جلوسوں، اسلحہ کی نمائش اور دیگر خلاف ورزیوں کے مرتکب افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی تاکہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کی فضا برقرار رکھی جا سکے۔