اسلام آباد،15 جون (اے پی پی): وزیر دفاع خواجہ آصف نے قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ قیادت کے دور میں پاکستان کی دنیا میں عزت اور وقار میں بے مثال اضافہ ہوا ہے۔
ایوان سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ ہم ایسے لمحات سے گزرے ہیں جن میں الحمدللہ پاکستان کی دنیا میں عزت اور وقار میں جتنا اضافہ ہوا ہے شاید مجموعی طور پر 78 سال میں اتنا اضافہ نہیں ہوا*۔ انہوں نے کہا کہ اتنا بڑا اعزاز پاکستان کو نصیب نہیں ہوا۔
وزیر دفاع نے کہا کہ پاکستان نے جس تحمل، بردباری اور دانشمندی کے ساتھ ہماری قیادت، وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف، فیلڈ مارشل عاصم منیر اور ان کی ٹیم نے اس نازک مسئلے کو حل کیا، اللہ کے فضل سے آج وہ تکمیل تک پہنچ چکا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ *جمعہ کو اس پر دستخط بھی ہو جائیں گے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ پچھلے 75 سالہ تاریخ میں اگر اس قسم کا تعاون پنڈی اور اسلام آباد میں ہوتا تو ہو سکتا ہے بہت سے سنگ میل ہم عبور کر لیتے۔ انہوں نے کہا کہ یہ تعاون اور مل کر پاکستان کی قسمت بدلنے کا جو عزم ہے، پچھلے ڈھائی تین سال سے جو کوششیں کی گئیں *آج اس کا سب سے بڑا ثمر اللہ تعالیٰ نے ہمیں عطا فرمایا ہے۔
وزیر دفاع نے کہا کہ میں اپنے ایرانی بھائیوں کو مبارکباد دوں گا جنہوں نے اس انتہائی پریشر اور نازک دور میں جس طرح ان کی قیادت نے ایرانی قوم کو لیڈ کیا اور جس طرح ایرانی قوم نے اتحاد کا مظاہرہ کیا، اللہ نے ان پر اپنا کرم کیا۔
انہوں نے کہا کہ اگر امت مسلمہ اسی طرح اتحاد اور یگانگت کا مظاہرہ کرے تو وہ دن دور نہیں جب فلسطین کا مسئلہ بھی حل ہوگا اور غزہ کے مسلمانوں کو بھی انصاف ملے گا۔ خواجہ آصف نے کہا کہ جناب اسپیکر، میں ایک عرصہ دراز سے اس ہاؤس میں ہوں لیکن مجھے کوئی ایسا لمحہ یاد نہیں جس میں اس ہاؤس کی قیادت اور پاکستان کی قیادت کو جو اعزاز آج نصیب ہوا ہے۔ وہ پہلے کبھی نہیں ملا۔
انہوں نے کہا کہ سفارتی محاذ پر جو ہم نے جنگ لڑی ہے امن کے لیے جنگ لڑی ہے۔ *آج سے ایک سال قبل ہم نے ایک اور جنگ لڑی، اللہ نے اس میں بھی ہمیں فتح نصیب کی۔ ایک سے سوا سال کے اندر یہ دو بڑی کامیابیاں ہیں جس کے لیے ساری قوم کو سر بسجود ہو کر اللہ کا شکر ادا کرنا چاہیے۔











