ملتان،06 جون )اے پی پی ):وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن “محفوظ پنجاب” کے تحت سٹی ٹریفک پولیس ملتان کی جانب سے روڈ سیفٹی آگاہی مہم بھرپور انداز میں جاری ہے۔ اس سلسلے میں چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) ملتان محمد نبیل کھوکھر نے عید گاہ چوک پر ٹریفک ایجوکیشن یونٹ کے زیر اہتمام منعقدہ آگاہی سرگرمیوں میں شرکت کی۔اس موقع پر ٹریفک پولیس کے افسران و اہلکاروں کے ساتھ بوائز اسکاؤٹس کے رضاکار بھی موجود تھے۔ سی ٹی او محمد نبیل کھوکھر نے موٹرسائیکل سواروں سے ملاقات کرتے ہوئے انہیں دورانِ ڈرائیونگ ہیلمٹ کے استعمال، سائیڈ ویو مررز کی تنصیب، لین و لائن ڈسپلن کی پابندی اور دیگر ٹریفک قوانین پر عمل درآمد کی اہمیت سے آگاہ کیا۔آگاہی مہم کے دوران ٹریفک سٹاف نے کونز کی مدد سے شہریوں کو لین و لائن ڈسپلن کی عملی تربیت بھی فراہم کی جبکہ موٹرسائیکل سواروں کو ہدایت کی گئی کہ وہ اپنی اور دوسروں کی حفاظت کے لیے انتہائی بائیں لین میں رہتے ہوئے سفر کریں۔سی ٹی او ملتان نے شہریوں میں روڈ سیفٹی سے متعلق آگاہی پمفلٹس تقسیم کیے جبکہ ہیلمٹ استعمال کرنے والے موٹرسائیکل سواروں کی حوصلہ افزائی کے لیے انہیں پھول پیش کیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک قوانین کی پابندی ہی محفوظ سفر اور حادثات کی روک تھام کی ضمانت ہے۔










