مذاکرات سے کسی بھی مسئلے کا حل نکالا جا سکتا ہے اور حکومت نے معاملات کو افہام و تفہیم کے ذریعے آگے بڑھانے کی کوشش کی ہے، ڈاکٹر طارق فضل چوہدری

6

اسلام آباد، 24 جون (اے پی پی ): وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ مذاکرات سے کسی بھی مسئلے کا حل نکالا جا سکتا ہے اور حکومت نے معاملات کو افہام و تفہیم کے ذریعے آگے بڑھانے کی کوشش کی ہے۔ بدھ کو قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے تمام ممکنہ آپشنز پیش کیے گئے اور مسائل کے حل کے لیے بات چیت کی راہ اختیار کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ ریاست اپنے آئینی اور قانونی دائرہ کار میں ذمہ داریاں ادا کر رہی ہے اور آئندہ بھی کرتی رہے گی۔ طارق فضل چوہدری نے کہا کہ آزاد کشمیر میں بروقت انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنایا جائے گا اور اس حوالے سے آئینی تقاضوں پر عمل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں بھی مہاجرین اور آزاد کشمیر کی نشستوں پر انتخابات مقررہ طریقہ کار کے مطابق منعقد ہوتے رہے ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت نے گزشتہ سال کے واقعات سے متاثرہ خاندانوں کے لیے معاونت فراہم کی، جبکہ آٹے اور بجلی پر دی جانے والی سبسڈی بھی برقرار رکھی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی فلاح سے متعلق سہولیات کا تسلسل برقرار ہے اور حکومت عوامی مفاد کے اقدامات جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام اور کشمیر کاز کے لیے حکومت کی کوششیں مسلسل جاری ہیں۔