معیشت مشکل سے نکل کر درست سمت میں گامزن ہے، پیٹرولیم قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام تک پہنچے گا، خواجہ آصف

0

اسلام آباد، 16 جون (اے پی پی ):وفاقی  وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ ملکی معیشت مشکل صورتحال سے نکل کر اب درست سمت پر گامزن ہے اور عالمی منڈی میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ یقیناً عام آدمی تک پہنچایا جائے گا۔

قومی اسمبلی میں مالی سال 2026-27 کے بجٹ پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت کی معاشی پالیسیوں کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔

خواجہ آصف نے جمعہ کو امریکا اور ایران کے درمیان طے پانے والے امن معاہدے کو پاکستان کی بڑی سفارتی کامیابی قرار دیا۔ انہوں نے اس پیش رفت کو پاکستان کی تاریخ کے اہم ترین لمحات میں سے ایک قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کامیابی سے پاکستان کا وقار، عزت اور بین الاقوامی مقام بلند ہوا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ ہر پاکستانی کے لیے فخر کا لمحہ ہے اور پوری قوم کو اجتماعی طور پر اسے منانا چاہیے۔ وزیر دفاع نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے تاریخی تعلقات ہیں اور اطمینان کا اظہار کیا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران ان تعلقات میں نمایاں پیش رفت ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ توقع ہے ایرانی تیل اور گیس کی برآمدات پر عائد پابندیاں اٹھا لی جائیں گی جس سے پاکستان بے حد مستفید ہو سکتا ہے۔ اس سے ملک میں توانائی کا بحران کم کرنے میں مدد ملے گی۔

افغانستان کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وزیر دفاع نے کہا کہ افغان حکام سے تفصیلی بات چیت ہوئی ہے۔ تاہم انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ دوسری جانب سے اس بات کی کوئی ضمانت دینے کو تیار نہیں کہ افغانستان کی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہیں ہونے دی جائے گی۔

وزیر دفاع خواجہ آصف نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ قوم کی یہ قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔

انہوں نے واضح کیا کہ ملکی سلامتی اور خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔