لاہور 16جون(اے پی پی): متروکہ وقف املاک بورڈ وزارت مذہبی امور وبین المذاہب ہم اہنگی کے زیر اہتمام منگل کے روز پانچویں سکھ گورو ارجن دیو جی کے جوڑ میلہ کی مرکزی تقریب گورودواررہ ڈیرہ صاحب لاہور میں منعقد ہوئی ، جس میں صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور و پردھان پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی سردار رمیش سنگھ اروڑہ ،چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ،قمرالزمان ،ایڈیشنل سیکرٹری شرائنز متروکہ وقف املاک بورڈ ناصر مشتاق،سیکرٹری جنرل پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی ستونت کور ،ڈاکٹر ممپال سنگھ ،سردار تارا سنگھ اور بھارتی جتھ لیڈر سردار بھوپندر سنگھ نے شرکت کی ۔ تقریب و میڈیا سے خطاب کر تے ہوئے صوبائی وزیر سردار رمیش سنگھ اروڑا نے کہا کہ متروکہ وقف املاک بورڈ نے یاتریوں کی مہمان نوازی کے لیے بہترین سہولیات فراہم کیں جس پر وہ چیئرمین بورڈ قمرالزمان اور ایڈیشنل سیکرٹری ناصر مشتاق کے شکر گزار ہیں۔ رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ پاکستان کے دروازے سکھ قوم کے لیے ہمیشہ کھلے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں موجود 50 گورو دوارے کھولنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں ،ابتدائی طور پر 17 گورودواروں پر کام جاری ہے ، اس طر ح پاکستان میں موجود مندر وں کو بھی بحال کیا جا رہا ہے ۔چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ قمرالزمان نے کہا کہ پاکستان تمام مذاہب کے مقدس مقامات کے تحفظ اور خدمت کے لیے پرعزم ہے، سکھ یاتریوں کو بہترین سہولیات کی فراہمی حکومت پاکستان کی ترجیحات میں شامل ہے، متروکہ وقف املاک بورڈ نے سکھ یاتریوں کے لیے مثالی انتظامات کو یقینی بنایاہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان بین المذاہب ہم آہنگی اور مذہبی رواداری کے فروغ کے لیے عملی اقدامات کر رہا ہے، سکھ برادری کے مقدس مقامات کی دیکھ بھال ہماری قومی ذمہ داری ہے۔قمرالزمان نے کہا کہ حکومت پاکستان مذہبی سیاحت کے فروغ کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے، دنیا بھر سے آنے والے یاتری پاکستان کے سفیر بن کر واپس جاتے ہیں،گورودواروں کی تزئین و آرائش اور سہولیات کی بہتری پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ہمیشہ سکھ یاتریوں کا پاکستان آمد پر خیرمقدم کرتے ہیں۔ قمرالزمان نے کہاکہ سکھ یاتریوں کا اطمینان ہمارے لیے اعزاز اور حوصلہ افزائی کا باعث ہے، متروکہ وقف املاک بورڈ تمام یاتریوں کو محفوظ اور پرامن ماحول فراہم کر رہا ہے، مذہبی ہم آہنگی کے فروغ میں سکھ برادری کا کردار قابلِ قدر ہے۔ایڈیشنل سیکرٹری شرائنز ناصر مشتاق نے تقریب سے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ سکھ مذ ہب کی پیدائش پاکستان میں ہوئی اورسکھ کا پہلا گھر پاکستان ہے ،حکومت پاکستان نے کبھی کسی سکھ کو پاکستان آ نے سے نہیں روکا ،وفاقی حکومت کے احکامات کے مطابق سکھ یاتریوں کے لیے تمام تر انتظامات کیے گئے ہیں ۔ میڈیکل کیمپس، ایمبولینس سروس اور فوری طبی امداد کی متواتر فراہمی کو یقینی بنایا گیا ہیے۔ناصر مشتاق نے کہا کہ متروکہ وقف املاک بورڈنے سکھ یاتریوں کے لیے مثالی انتظامات، رہائش اور لنگر کی فراہمی کو یقینی بنا یا ہے۔چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ قمرالزمان کی ہدایات پر یاتریوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی گئی اورگورودوارہ ڈیرہ صاحب میں صفائی ستھرائی کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔ میڈیا سے گفتگو میں سردار بھوپندر سنگھ بھارتی جتھہ لیڈر نے رہائش، لنگر، ٹرانسپورٹ اور میڈیکل سہولیات پر اطمینان کا اظہار کیا،انہوں نے کہا کہ متروکہ وقف املاک بورڈ اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے فول پروف سکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں، پاکستان سے خوبصورت یادیں لیکر واپس روانہ ہوں گے ،پاکستان میں گورودواروں کی دیکھ بھال اور سہولیات قابلِ ستائش ہیں۔بھارتی سکھ یاتریوں نے حکومت پاکستان اور متروکہ وقف املاک بورڈ کا شکریہ ادا کیا اور کہاکہ پاکستان میں مذہبی مقامات پہلے سے زیادہ خوبصورت، محفوظ اور پرامن ہیں،بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لیے پاکستان کے اقدامات قابلِ تعریف ہیں۔ 10 روزہ یاترا مکمل کرنے کے بعد بھارتی سکھ یاتری 19 جون کو وطن واپس روانہ ہوں گے۔











