ملتان :محرم الحرام میں ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی تیاری، ریسکیو 1122 کی امام بارگاہ حسینہ آباد میں موک ایکسرسائز

1

ملتان، 22 جون (اے پی پی ):  محرم الحرام کے دوران کسی بھی ہنگامی صورتحال سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے ریسکیو 1122نے امام بارگاہ حسینہ آباد، دولت گیٹ پر مشترکہ موک ایکسرسائز کا انعقاد کیا۔

موک ایکسرسائز میں ریسکیو 1122 کی ایمبولینس اور فائر ریسکیو وہیکل کے علاوہ بم ڈسپوزل اسکواڈ، سول ڈیفنس اور پولیس کے اہلکاروں نے بھی بھرپور حصہ لیا۔ مشق کے دوران ہنگامی صورتحال پیدا ہونے کی صورت میں ریسکیو، فائر فائٹنگ، زخمیوں کے انخلاء اور مختلف اداروں کے درمیان باہمی رابطے اور فوری ردعمل کا عملی مظاہرہ کیا گیا۔

اس موقع پر بتایا گیا کہ موک ایکسرسائز کا بنیادی مقصد محرم الحرام کے جلوسوں اور مجالس کے دوران کسی بھی ممکنہ حادثے یا ایمرجنسی کی صورت میں متعلقہ اداروں کی تیاری، باہمی ہم آہنگی اور بروقت امدادی کارروائیوں کا جائزہ لینا تھا تاکہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جا سکے۔

یہ موک ایکسرسائز ایمرجنسی آفیسر انجینئر محمد بلال کی نگرانی میں منعقد ہوئی جبکہ مجموعی نگرانی ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر حسین میاں نے کی۔  جس میں تمام متعلقہ اداروں نے بہترین پیشہ ورانہ مہارت، باہمی تعاون اور مربوط حکمت عملی کا عملی مظاہرہ کیا۔