مظفرآباد، 22جون)اے پی پی): کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کو ایک اور دھچکا اس وقت لگا جب کور کمیٹی کے رکن انجم زمان اعوان نے ویڈیو پیغام کے ذریعے تنظیم سے اپنی لاتعلقی کا اعلان کر دیا۔
اپنے ویڈیو بیان میں انجم زمان اعوان نے کہا کہ وہ بطور کور کمیٹی رکن نوجوانوں کو آگاہ کرنا چاہتے ہیں کہ انہیں علیحدگی اور خودمختاری جیسے نعروں کے ذریعے گمراہ کیا جا رہا ہے، جن کے پیچھے مبینہ طور پر پاکستان دشمن عناصر سرگرم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کچھ عناصر نوجوانوں کو ورغلا رہے ہیں اور ان کے پیچھے پاکستان دشمن ایجنسیاں اور پس پردہ مفادات کارفرما ہیں۔ ان کے مطابق پرامن تحریک کا رخ تبدیل کر کے نوجوانوں کو قانون شکنی کی طرف دھکیلا گیا، جس سے ان کے مستقبل کو نقصان پہنچ رہا ہے۔
انجم زمان اعوان نے کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کی مبینہ تباہ کن سیاست سے مکمل لاتعلقی کا اعلان کرتے ہوئے نوجوانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ایسے کسی گروہ یا تنظیم کا حصہ نہ بنیں جس کے اندر پاکستان مخالف ایجنڈا پایا جاتا ہو۔
اس سے قبل کور کمیٹی کے رکن ایڈووکیٹ امجد علی خان بھی کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی سے اپنی لاتعلقی کا اظہار کر چکے ہیں۔ماہرین کے مطابق انجم زمان اعوان کے حالیہ بیان سے تنظیم کے اندر موجود انتشاری عناصر کا ایجنڈا مزید واضح ہوا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ کور ممبر انجم زمان نے پاک فوج اور پاکستان کے خلاف بیانیے کو مسترد کرتے ہوئے انتشاری کمیٹی سے خود کو الگ کر لیا ہے۔











