ملتان ،24 جون( اے پی پی): ڈپٹی کمشنر ملتان محمد نعمان صدیق نے محرم الحرام کے سلسلے میں جیل موڑ کے جلوس روٹس کا دورہ کیا اور انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر سٹی اذکی سحر بھی ان کے ہمراہ موجود تھیں۔
ڈپٹی کمشنر نے جلوس روٹس پر صفائی، سٹریٹ لائٹس، سیکیورٹی اور دیگر سہولیات کا معائنہ کرتے ہوئے متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ محرم الحرام سے قبل تمام انتظامات بروقت مکمل کیے جائیں تاکہ عزاداروں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔محمد نعمان صدیق نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے فول پروف سیکیورٹی انتظامات کو یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ جلوس روٹس پر موجود تمام مسائل فوری طور پر حل کیے جائیں اور صفائی، روشنی اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی میں کوئی کوتاہی نہ برتی جائے۔
ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ ضلعی انتظامیہ محرم الحرام کے دوران بہترین انتظامات اور عزاداروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے جبکہ انتظامات کی مسلسل مانیٹرنگ بھی کی جا رہی ہے۔











