ملتان،8 جون (اے پی پی) کمشنر عامر کریم خاں نے ملتان ایونیو کے جاری ترقیاتی منصوبے کا تفصیلی دورہ کرتے ہوئے تعمیراتی کاموں کی پیش رفت، معیار اور رفتار کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر انہوں نے منصوبے کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا اور کام کی سست رفتار پر متعلقہ افسران پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔کمشنر عامر کریم خاں نے ہدایت کی کہ عوامی اہمیت کے حامل ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل ہر صورت یقینی بنائی جائے اور تعمیراتی معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ شہریوں کو جدید، محفوظ اور معیاری سفری سہولیات کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ ملتان ایونیو منصوبہ مکمل ہونے سے شہر کے رابطہ سڑکوں کے نیٹ ورک کو مزید مضبوط بنانے میں مدد ملے گی اور شہریوں کو آمدورفت کی بہتر سہولیات میسر آئیں گی۔
کمشنر نے متعلقہ اداروں کو باہمی رابطہ مزید مؤثر بنانے اور منصوبے کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت بھی جاری کی۔عامر کریم خاں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ترقیاتی منصوبوں کی شفافیت، معیار اور رفتار پر مسلسل نگرانی جاری رکھی جائے گی تاکہ عوامی وسائل کا مؤثر استعمال یقینی بنایا جا سکے اور مقررہ مدت میں مطلوبہ نتائج حاصل ہوں۔
دورے کے موقع پر ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ مبشر الرحمن اور ایس ای ہائی ویز غلام نبی بھی موجود تھے۔











