اسلام آباد:17 جون(اے پی پی): وفاقی وزیر براۓ مذہبی ا مور و بین المذاہب ہم اہنگی سردار محمد یوسف نے علماء و مشائخ کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوۓ کہا ہے کہ ملک میں امن و امان کے لیے ہر فرد اور ہر طبقے کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا،علمائے کرام کا امن کے حوالے سے اہم کردار ہے۔
ایران امریکہ کے درمیان پاکستان نے ثالثی کا تاریخی کردار ادا کیا ، پورے عالم اسلام کو پاکستان پر فخر ہے ۔انھوں نے کہا کہ سفارتی کامیابیوں سے پاکستان کا عالمی سطح پر وقار بلند ہوا ،پاکستان کی سفارت کاری کی دنیا معترف ہے، سفارتی کامیابی پر پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ دشمن کو نفرت اور انتشار پھیلانے کا موقع نہیں دینا چاہئے۔
پریس کانفرنس میں محرم الحرام کے حوالے سے اسلام اباد راولپنڈی کے علماء و مشائخ کے اجلاس کا اعلامیہ جاری کیا گیا جس میں محرم الحرام میں امن و امان یقینی بنانے پر غور کیا گیا، اعلامیہ میں کہا گیا کہ عوامی پلیٹ فارم سے مخالفین کے خلاف طعنے اور تنقید سے گریز کیا جائے ، قومی احترام اور رواداری کے اصولوں کی پاسداری کی جائے، علماء کرام واقعہ کربلا کے ذکر کے ساتھ ساتھ مقبوضہ کشمیر اورفلسطینیوں کی قربانیوں کا بھی ذکر کریں۔ علمائے کرام اپنی تحریروں اور تقریروں میں توازن اور اعتدال پیدا کریں۔











