اسلام آباد، 12 جون (اے پی پی): ممبر قومی اسمبلی قیصر احمد شیخ نے وفاقی بجٹ کو متوازن اور ترقی دوست قرار دیتے ہوئے وزیراعظم محمد شہباز شریف اور وزیر خزانہ کو مبارک باد پیش کی ہے۔
اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم اور وزیر خزانہ نے بڑی محنت سے ایسا بجٹ پیش کیا ہے جو پاکستان کی ترقی کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ میں معاشی نمو کو خصوصی اہمیت دی گئی ہے اور یہی وقت کی ضرورت تھی۔
قیصر احمد شیخ نے کہا کہ تنخواہ دار طبقے کو نمایاں ریلیف فراہم کیا گیا ہے، کم از کم اجرت میں اضافہ کیا گیا ہے جبکہ تنخواہ دار افراد کے لیے ٹیکس کی شرحوں میں بھی کمی کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کاروباری طبقے پر عائد سپر ٹیکس کے خاتمے کا فیصلہ بھی خوش آئند ہے جس سے سرمایہ کاری اور کاروباری سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے انکم ٹیکس کے مختلف سلیبز میں بھی بہتری لانے کی کوشش کی ہے جبکہ وفاقی بورڈ آف ریونیو کے معاملات میں سہولت پیدا کرنے اور کاروباری برادری کو سہولتیں فراہم کرنے کے لیے متعدد اقدامات کیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ ایک متوازن اور اچھا بجٹ ہے جو معیشت کے مختلف شعبوں کی ترقی میں معاون ثابت ہوگا۔ آخر میں انہوں نے وزیراعظم اور وزیر خزانہ کو بجٹ پیش کرنے پر مبارک باد دی۔











