اسلام آباد، 12 جون ( اے پی پی): راولپنڈی چیمبر آف سمال ٹریڈرز اینڈ سمال انڈسٹرییرز کامرس اینڈ انڈسٹری (RCCI) کے سینئر وائس پریزیڈنٹ دوست علی جان نے وفاقی بجٹ کو گزشتہ کئی برسوں کا بہترین اور حقیقی معنوں میں عوام دوست بجٹ قرار دیتے ہوئے وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف اور ان کی معاشی ٹیم کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تاجر برادری کے دیرینہ مطالبے پر فکس ٹیکس اسکیم اور اردو سمیت تمام علاقائی زبانوں میں آسان ٹیکس فارم کا اجراء حکومت کا ایک انقلابی اقدام ہے، جس سے ایف بی آر اور وکلاء کا خوف ختم ہوگا اور ملک کے 95 فیصد چھوٹے تاجر بلا خوف و خطر ٹیکس نیٹ کا حصہ بنیں گے۔ دوست علی جان نے حکومت پر زور دیا کہ تجارتی پالیسیوں میں تسلسل کے لیے اس اسکیم کو لانگ ٹرم بنیادوں پر چلایا جائے تاکہ حکومتیں بدلنے سے تاجروں کا اعتماد مجروح نہ ہو۔ انہوں نے ایس ایم ای (SME) سیکٹر کو ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ چھوٹے اور کاٹیج انڈسٹری کے فروغ کے لیے بلا سود اور آسان قسطوں پر قرضے فراہم کیے جائیں جبکہ کائبر (KIBOR) اور بجلی کے نرخوں میں کمی لائی جائے۔ انہوں نے بجٹ میں سولر پینلز پر کوئی نیا ٹیکس نہ لگانے کے حکومتی فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے مقامی صنعت کاروں کو عالمی مارکیٹ میں برآمداتی مقابلہ کرنے میں بڑی مدد ملے گی۔











