اسلام آباد،03 جون(اے پی پی ): چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ نوجوان پاکستان کا سب سے قیمتی سرمایہ ہیں اور ان کی ترقی و خوشحالی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
ان خیالات کا اظہار اسلام آباد میں قومی سطح پر ’’پرعزم پاکستان‘‘ پروگرام کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم یوتھ پروگرام کے ذریعے نوجوانوں کو تعلیم، ہنر، روزگار اور ترقی کے یکساں مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں تاکہ وہ ملکی تعمیر و ترقی میں بھرپور کردار ادا کر سکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت نوجوانوں کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے اور انہیں قومی ترقی کے دھارے میں شامل کرنے کے لیے متعدد اقدامات کر رہی ہے۔
اسلام آباد میں قومی سطح پر “پرعزم پاکستان” پروگرام کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رانا مشہود احمد خان نے مزید کہا کہ وزیراعظم یوتھ پروگرام اور جینریشن اَن لمیٹڈ کے اشتراک سے نوجوانوں کی ترقی کا سفر کامیابی سے جاری ہے۔ نوجوانوں کو آرٹس، ثقافت، سائنس، ٹیکنالوجی، ہنر اور کھیلوں کے شعبوں میں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم یوتھ پروگرام کا آغاز 2013 میں نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لیے کیا گیا تھا، جس کے تحت لیپ ٹاپ، وظائف اور آسان قرضوں کی فراہمی سمیت متعدد فلاحی اقدامات متعارف کرائے گئے۔
رانا مشہود نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نوجوانوں کی فلاح و ترقی کے لیے مختص بجٹ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرتے اور نوجوانوں سے متعلق تمام بجٹ تجاویز کی منظوری دے چکے ہیں۔ ان کے مطابق رواں سال فنی تعلیم کے فروغ کے لیے 19 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں جبکہ ملک کی تاریخ کا سب سے بڑا تکنیکی تعلیم کا پروگرام بھی شروع کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ فنی تربیت کے ساتھ نوجوانوں کو سافٹ اسکلز اور اخلاقی تربیت بھی دی جا رہی ہے جبکہ بیرون ملک روزگار کے مواقع کے پیش نظر جاپانی، عربی، انگریزی، کوریائی، جرمن اور فرانسیسی زبانوں کے کورسز بھی شروع کیے جا چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم یوتھ پروگرام کی ٹیمیں 17 ممالک میں نوجوانوں کے لیے مواقع تلاش کر رہی ہیں جبکہ ڈیجیٹل یوتھ ہب نوجوانوں کے لیے ایک مؤثر مرکزی پلیٹ فارم بن چکا ہے۔ ان کے مطابق ڈیجیٹل یوتھ ہب پر 8 لاکھ سے زائد نوجوان رجسٹر ہو چکے ہیں اور روزانہ اوسطاً 4 ہزار 800 نئی رجسٹریشنز ہو رہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پلیٹ فارم پر 2 ہزار سے زائد کمپنیاں رجسٹرڈ ہیں اور پاکستان سمیت بیرون ملک ہزاروں ملازمتوں کے مواقع دستیاب ہیں۔
رانا مشہود احمد خان نے مزید کہا کہ یونیسیف کے تعاون سے ڈیجیٹل یوتھ ہب نوجوانوں کی فلاح و بہبود کے لیے فعال کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پنجاب ایجوکیشن انڈاؤمنٹ فنڈ کی طرز پر پاکستان ایجوکیشن انڈاؤمنٹ فنڈ کا آغاز بھی کر دیا گیا ہے، جس سے ملک بھر کے مستحق طلبہ کو فائدہ پہنچے گا۔











