نویں محرم کا مرکزی ماتمی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوا

0

کراچی، 25 جون (اے پی پی):9 محرم الحرام کا مرکزی ماتمی جلوس سیکیورٹی کے سخت انتظامات کے درمیان جمعرات کو نشتر پارک سے برآمد ہوا۔قبل ازیں نشتر پارک میں مجلس کا انعقاد کیا گیا جس سے ممتاز عالم دین علامہ سید شہنشاہ حسین نقوی نے خطاب کیا۔ مجلس کے اختتام پر مرکزی جلوس نے اپنے مقررہ راستوں سے اپنے سفر کا آغاز کیا۔کراچی شہر میں نکالا گیا مرکزی ماتمی جلوس اپنے روایتی راستوں سے ہوتا ہوا حسینیہ ایرانیہ امام بارگاہ  کھارادرپر اختتام پذیر ہوگا۔9 محرم الحرام کے مرکزی جلوس کے لیے سندھ پولیس کے ساتھ رینجرز کی جانب سے سیکیورٹی کے غیر معمولی اور فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں۔مرکزی جلوس کی سولجر بازار اور پریڈی تھانوں میں قائم کنٹرول رومز سے بھی نگرانی کی جا رہی ہے جبکہ 9ویں محرم کے مرکزی جلوس کے روٹ پر سیکیورٹی کیمرے نصب ہیں۔جلوس کے راستوں اور اطراف کی سڑکوں کو کنٹینرز لگا کر سیل کر دیا گیا ہے جبکہ بلند و بالا عمارتوں پر بھی خصوصی نگرانی کے انتظامات کیے گئے ہیں۔ایم اے جناح روڈ 9 محرم الحرام کے مرکزی جلوس کے باعث ٹریفک کے لیے بند ہے اور ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانے کے لیے کراچی ٹریفک پولیس کی جانب سے اعلان کردہ متبادل راستوں کی طرف روانہ کیا جا رہا ہے۔شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ جلوس کے دوران ٹریفک پلان پر عمل کریں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔