وزیراعلیٰ پنجاب کے خصوصی افراد کو بااختیار بنانے کے وژن کی جانب اہم پیش رفت،صوبائی وزیر سہیل شوکت بٹ کے ساتھ ملاقات میں اسٹائل انڈسٹریز کا 1000 ملازمتوں کا اعلان

1

لاہور، 10 جون( اے پی پی ) : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے خصوصی افرادکو بااختیار بنانے، انہیں معاشی خودمختاری فراہم کرنے اور قومی ترقی کے دھارے میں شامل کرنے کے وژن کے تحت ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر و بیت المال پنجاب سہیل شوکت بٹ سے اسٹائل انڈسٹریز کے وفد نے ملاقات کی، جس کے دوران خصوصی افراد کے لیے ایک ہزار (1000) ملازمتوں کی فراہمی کا اعلان کیا گیا۔ ملاقات میں ڈائریکٹر جنرل سوشل ویلفیئر و بیت المال پنجاب ڈاکٹر شہنشاہ فیصل عظیم، ڈائریکٹر پروگرامز مزمل یار اور دیگر متعلقہ افسران بھی شریک تھے۔ اس موقع پر خصوصی افراد کی فلاح و بہبود، سماجی شمولیت، ہنرمندی کے فروغ اور روزگار کے مواقع میں اضافے کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اسٹائل انڈسٹریز کی جانب سے اعلان کیا گیا کہ خصوصی افراد کے لیے ایک ہزار ملازمتیں مختلف مراحل میں فراہم کی جائیں گی تاکہ انہیں باعزت روزگار کے ذریعے معاشی خودمختاری حاصل ہو اور وہ معاشرے میں فعال کردار ادا کر سکیں۔  صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر و بیت المال پنجاب سہیل شوکت بٹ نے اس اقدام کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف خصوصی افراد کو مساوی مواقع اور باوقار مستقبل کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نجی شعبے کا تعاون خصوصی افراد کو قومی ترقی کے دھارے میں شامل کرنے کے لیے ناگزیر ہے اور اسٹائل انڈسٹریز کا یہ اقدام دیگر صنعتی اداروں کے لیے ایک قابلِ تقلید مثال ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ حکومت پنجاب خصوصی افراد کی فلاح، تعلیم، ہنرمندی اور روزگار کے مواقع میں اضافے کے لیے جامع حکمت عملی کے تحت کام کر رہی ہے تاکہ معاشرے کے ہر فرد کو ترقی کے مساوی مواقع میسر آ سکیں۔ ملاقات کے اختتام پر فریقین نے خصوصی افراد کی فلاح و بہبود، روزگار کے فروغ، سماجی شمولیت اور ہنرمندی کے پروگرامز کو مزید مؤثر بنانے کے لیے باہمی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔