وفاقی وزیر جنید انوار چوہدری سے امریکی ناظم الامور کی  ملاقات، پاک امریکا بحری تعاون بڑھانے پر اتفاق، مشترکہ ورکنگ گروپ قائم کرنے کا فیصلہ

4

اسلام آباد، 24 جون (اے پی پی): وفاقی وزیر بحری امور جنید انوار چوہدری سے امریکی ناظم الامور نیٹلی اے بیکر نے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور امریکا کے درمیان بحری شعبے میں تعاون بڑھانے اور دوطرفہ تعاون کے فروغ کے لیے مشترکہ ورکنگ گروپ تشکیل دینے پر اتفاق کیا گیا۔

جنید انوار چوہدری نے امریکی سرمایہ کاروں کو میری ٹائم انفراسٹرکچر اور لاجسٹکس کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان بندرگاہی شعبے میں عالمی شراکت داری کا خواہاں ہے اور بلیو اکانومی میں امریکی شراکت داری کا خیرمقدم کرتا ہے۔

امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر نے پاکستان کے ساتھ اقتصادی اور بحری تعاون مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امریکا بحری ترقی، تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے پاکستان کے ساتھ شراکت داری میں دلچسپی رکھتا ہے۔ انہوں نے علاقائی امن و استحکام کے فروغ میں پاکستان کے کردار کو بھی سراہا۔