ملتان، 24 جون (اے پی پی):کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں کی زیر صدارت ڈویژنل ماحولیاتی تحفظ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ آن لائن درخواستوں کے نظام کے آغاز کے بعد ڈویژنل ماحولیاتی کمیٹی کا یہ پہلا اجلاس تھا جس میں 32 کیسز زیر غور آئے۔
اجلاس میں 17 کیسز کی منظوری دی گئی جبکہ 10 کیسز کو مشروط منظوری دی گئی۔ کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ مطلوبہ دستاویزات اور ریکارڈ مکمل ہونے کے بعد ان کیسز کی حتمی منظوری دے دی جائے گی۔
کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ تمام درخواستوں کو مقررہ قواعد و ضوابط کے مطابق نمٹایا جا رہا ہے اور ماحولیاتی قوانین پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ ماحولیاتی تحفظ کے تقاضوں پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے۔
کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ آن لائن نظام کے نفاذ سے درخواستوں کی وصولی اور جانچ کے عمل میں شفافیت، سہولت اور رفتار میں نمایاں بہتری آئی ہے۔جدید نظام سے درخواست گزاروں کو مزید آسانی میسر آئے گی اور ماحولیاتی منظوریوں کا عمل زیادہ مؤثر اور شفاف بنے گا۔ اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر جنرل جاوید خان، محکمہ ماحولیات کے افسران بھی موجود تھے۔











