اسلام آباد، 18 جون)اے پی پی ):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت پاسپورٹ اینڈ امیگریشن ہیڈکوارٹرز میں خصوصی اجلاس میں پاسپورٹ کے نظام میں اہم اصلاحات کا فیصلہ کر لیا گیا۔
اجلاس میں پاسپورٹ کے اجراء کو مکمل طور پر ای-پاسپورٹ* پر منتقل کرنے کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ ای-پاسپورٹ پر مکمل منتقلی سے پاسپورٹ کے ضمن میں فراڈ اور جعلسازی کا خاتمہ ہو گا۔
فیصلہ کیا گیا کہ پریمیم سروسز حاصل کرنے والوں کو پاسپورٹ پر ہونے والے اخراجات کے مطابق فیس ادا کرنا ہو گی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ بیرون ملک اور اندرون ملک پاسپورٹ کی ہوم ڈلیوری کے لیے ابتدائی کام مکمل کر لیا گیا ہے اور شہریوں کو پاسپورٹ ان کی دہلیز پر فراہم کرنے کا عمل جلد شروع کیا جائے گا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ یکم جولائی سے پاسپورٹ دفاتر میں کیش لیس نظام نافذ کر دیا جائے گا۔ اس کے ساتھ ہی آن لائن پاسپورٹ درخواستوں کو پاک آئی ڈی کے پلیٹ فارم پر منتقل کیا جائے گا تاکہ شہریوں کو مزید سہولت میسر آئے۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے ہدایت کی کہ بزنس پاسپورٹ پر پالیسی کو ایف بی آر کی مشاورت سے جلد از جلد حتمی شکل دی جائے۔ڈی جی پاسپورٹس اینڈ امیگریشن محمد علی رندھاوا نے وفاقی وزیر داخلہ کو تفصیلی بریفنگ دی۔











