پاکستانی حجاج کا وطن واپسی کا سلسلہ جاری

2

مدینہ منورہ، 7 جون ( اے پی پی): حج کی ادائیگی کے بعد 34 ہزار پاکستانی حجاج کرام وطن واپس پہنچ گئے جبکہ 84 ہزار 791 پاکستانی حجاج اب بھی سعودی عرب میں موجود ہیں اور ان کی واپسی کا سلسلہ جاری ہے۔

وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف آج اتوار کے روز وطن واپس پہنچیں گے، جبکہ 250 خدام الحجاج بھی فرائض سے سبکدوش ہو کر پاکستان واپس پہنچ چکے ہیں۔

‎حجاج کرام کی سہولت کے لیے ہوائی اڈوں پر رش سے بچنے کی غرض سے رہائش گاہوں پر سامان کی بورڈنگ (سٹی چیک اِن) کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔ حجاج کو ہدایت کی گئی ہے کہ پریشانی سے بچنے کے لیے مقررہ شیڈول کے مطابق اپنا سامان تیار رکھیں، جبکہ وطن روانگی سے 24 تا 48 گھنٹے قبل سامان کی بورڈنگ کا عمل مکمل کیا جا رہا ہے۔

‎پوسٹ حج آپریشن کے تحت اب تک 15 ہزار سے زائد حجاج کرام کی ریاض الجنہ کی زیارت مکمل ہو چکی ہے۔پاکستانی حجاج کی وطن واپسی کی پروازوں کا سلسلہ 30 جون تک جاری رہے گا۔