پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کا اسکلز اینڈ ڈویلپمنٹ کیمپ ملتان میں جاری

3

ملتان،  24  جون (اے پی پی ): پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کا اسکلز اینڈ ڈویلپمنٹ کیمپ ملتان میں جاری ہے جس میں 31 کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں۔ ہیڈ کوچ شاہد انور نے کہا ہے کہ پاکستان انڈر 19 ٹیم ایشیا کپ کی دفاعی چیمپئن ہے اور ٹائٹل کا دفاع ہماری اہم ذمہ داری ہے، تاہم اصل ہدف آئندہ انڈر 19 ورلڈ کپ کی تیاری اور کامیابی حاصل کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کیمپ میں کھلاڑیوں کی جسمانی، ذہنی، ٹیکنیکل اور ٹیکٹیکل صلاحیتوں کو بہتر بنانے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے جبکہ ان کے لائف سٹائل اور مجموعی شخصیت کی تعمیر پر بھی کام کیا جا رہا ہے۔ شاہد انور کے مطابق ٹیم کا روڈ میپ واضح ہے، پہلے انگلینڈ کا دورہ اور پھر ایشیا کپ میں شرکت ہدف ہے، جبکہ مشکل کنڈیشنز میں کھیلنے سے نوجوان کھلاڑیوں کو قیمتی تجربہ حاصل ہوگا۔

انہوں نے بتایا کہ ورلڈ کپ میں ابھی 18 ماہ باقی ہیں، اسی تناظر میں یہ کیمپ منعقد کیا گیا ہے تاکہ کھلاڑی بھرپور تیاری کر سکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سپورٹ سٹاف کھلاڑیوں کے سکلز اور فٹنس پر مسلسل کام کر رہا ہے اور مقصد پاکستان سینئر ٹیم کے لیے بہترین کرکٹرز تیار کرنا ہے۔ شاہد انور نے کہا کہ ماضی میں بھی انڈر 19 پروگرام سے علی رضا، سمیر منہاس، فرحان یوسف اور عبدل سبحان جیسے باصلاحیت کھلاڑی قومی کرکٹ کو مل چکے ہیں جبکہ چار انڈر 19 کھلاڑی اس وقت نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے کیمپ میں بھی شریک ہیں۔