پاکستان اور ایتھوپیا کے درمیان ثقافتی و سیاحتی تعاون بڑھانے پر اتفاق

7

اسلام آباد، 4 جون (اے پی پی:( وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت اورنگزیب خان کھچی نے کہا ہے کہ پاکستان ایتھوپیا کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی اور سیاحتی روابط کو مزید فروغ دینے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ وزیراعظم پاکستان کی خصوصی ہدایات کے مطابق دونوں ممالک کے مابین عوامی سطح پر تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو وزارتِ قومی ورثہ و ثقافت، اسلام آباد میں ایتھوپیا کے سفیر برائے پاکستان ڈاکٹر عمر حسین اوبا سے ایک الوداعی و تعارفی ملاقات کے دوران کیا۔ اجلاس میں سیکرٹری قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن اسد رحمان گیلانی نے بھی شرکت کی۔

وفاقی وزیر اورنگزیب خان کھچی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ثقافتی سفارتکاری کے مؤثر فروغ کے لیے وفود کے تبادلوں، ثقافتی گروپس کے دوروں اور مشترکہ تقریبات کا انعقاد وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے تجویز پیش کی کہ پاکستان میں ایتھوپیا کے خصوصی ‘کلچر ڈیز’ متعارف کرائے جائیں جبکہ دونوں ممالک کے ثقافتی وفود کے باہمی دوروں کا بھی باقاعدہ اہتمام کیا جائے۔ وفاقی وزیر نے یاد دلایا کہ پاکستان پہلے ہی ترکیہ اور تاجکستان سمیت مختلف دوست ممالک کے ساتھ کامیاب ثقافتی ہفتے منعقد کر چکا ہے۔ انہوں نے ایتھوپیا کے ثقافتی وفد کو لوک ورثہ اسلام آباد میں منعقد ہونے والی روایتی تقریبات میں شرکت کی باقاعدہ دعوت دی، جہاں پاکستان کے تمام علاقائی ثقافتی رنگ بھرپور انداز میں پیش کیے جاتے ہیں۔

ایتھوپیا کے سفیر ڈاکٹر عمر حسین اوبا نے پاکستان کی روایتی مہمان نوازی کو سراہتے ہوئے اپنے ملک کے شاندار ثقافتی ورثے، منفرد کیلنڈر سسٹم، روایتی تہواروں اور لسانی و نسلی تنوع پر تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے ایتھوپین ایئرلائنز کی افادیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ ایئرلائن پاکستان اور ایتھوپیا کے ساتھ ساتھ پورے برِاعظم افریقہ کے درمیان رابطوں کو مزید مضبوط بنا رہی ہے، جس سے سیاحت اور ثقافتی تبادلے کو یکساں فروغ مل رہا ہے۔

سفیر نے دونوں ممالک کی وزارتوں کے مابین سفارتی و ثقافتی تعاون کو ادارہ جاتی شکل دینے کے لیے ایک جامع مفاہمت کی یادداشت(ایم او یو) پر جلد دستخط کرنے کی تجویز بھی پیش کی۔ اس موقع پر سیکرٹری قومی ورثہ و ثقافت اسد رحمان گیلانی کا کہنا تھا کہ ایتھوپیا کے ثقافتی وفود کے پاکستان دورے سے دونوں برادر ممالک کے مابین دوطرفہ تعلقات کی ایک نئی راہ ہموار ہوگی۔