چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کا بجٹ نگرانی میں سینیٹ کے مؤثر کردار پر زور

2

اسلام آباد، 09 جون ( اے پی پی ): چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے مالیاتی امور  پر پارلیمانی نگرانی کو مزید مؤثر بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ بجٹ کا مؤثر اور جامع جائزہ شفافیت، جوابدہی اور جمہوری طرزِ حکمرانی کے فروغ کے لیے ناگزیر ہے۔

وہ سینیٹ آف پاکستان، فورم آف فیڈریشنز اور پاکستان کے ادارہ  برائے پارلیمانی خدمات (PIPS) کے اشتراک سے منعقدہ ’’سینیٹ کے بجٹ جائزہ نظام کو مضبوط بنانے‘‘  سے متعلق  سیمینار سے خطاب کر رہے تھے۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ  عوامی وسائل کے استعمال میں شفافیت، احتساب اور قومی مفاد کو ہر صورت مقدم رکھا جانا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ سینیٹ بجٹ اور مالیاتی معاملات کے جائزے میں اہم کردار ادا کرنے والا ادارہ ہے  ان کا کہنا تھا کہ منی بلز پر سینیٹ کی سفارشات مالیاتی نگرانی اور پالیسی رہنمائی میں نمایاں اہمیت رکھتی ہیں۔

چیئرمین سینیٹ نے اپنے دورِ وزارتِ عظمیٰ میں منظور ہونے والی اٹھارویں آئینی ترمیم کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس اصلاحاتی اقدام نے وفاقی ڈھانچے کو مضبوط کیا اور سینیٹ کے ادارہ جاتی کردار کو مزید مؤثر بنایا۔

انہوں نے پارلیمانی کمیٹیوں کی نگرانی کے نظام کو مضبوط بنانے، قانون سازوں کو بروقت اور مستند مالیاتی معلومات کی فراہمی اور تکنیکی معاونت میں اضافے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ اس موقع پر انہوں نے آسٹریا اور آئرلینڈ کے دوروں کے دوران مشاہدہ کیے گئے پارلیمانی بجٹ نگرانی کے بین الاقوامی ماڈلز اور بہترین روایات کا بھی ذکر کیا۔

آخر میں چیئرمین سینیٹ نے امید ظاہر کی کہ یہ سیمینار سینیٹ کے بجٹ جائزہ عمل کو مزید مؤثر بنانے، کمیٹیوں کی کارکردگی بہتر کرنے اور پارلیمانی احتساب کو مضبوط بنا کر بہتر طرزِ حکمرانی اور عوامی اعتماد کے فروغ میں معاون ثابت ہوگا۔