کراچی دہشت گرد حملہ: شہید رینجرز اہلکاروں کی نمازِ جنازہ ادا، اعلیٰ سول و عسکری قیادت کی شرکت

5

کراچی جون 29(اے پی پی): کراچی میں دہشت گرد حملے میں شہید ہونے والے پاکستان رینجرز سندھ کے جوانوں کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔ بھارتی پراکسی جماعت الاحرار کے بزدلانہ دہشت گرد حملے کو ناکام بناتے ہوئے رینجرز کے جوانوں نے جام شہادت نوش کیا تھا۔

شہدا کی نماز جنازہ میں وفاقی وزیر داخلہ، گورنر سندھ، وزیراعلیٰ سندھ، ڈی جی رینجرز، شہداء کے لواحقین اور سینئر سول و عسکری حکام نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

 شرکاء نے شہداء کی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا اور اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔محسن نقوی نے کہا کہ دہشت گردی کا واقعہ انتہائی افسوسناک ہے جس کا حساب لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کرنے والے عناصر چاہیے وہ کہیں بھی ہوں سیکیورٹی فورسز ان کا پیچھا کر کے کیفرکردار تک پہنچائیں گی۔گورنر سندھ نہال ہاشمی نے کہا کہ ہم دہشتگردی کی بھرپور مذمت کرتے ہیں اور ملک سے اس کے خاتمے کے لیے جدوجہد کرتے رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی اسپانسرڈ دہشتگردی کو کبھی برداشت نہیں کریں گے اور دہشتگردی کو جڑ سے اکھاڑ کر دم لیں گے۔مراد علی شاہ نے کہا کہ دہشتگردوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملاتے ہوئے رینجرز کے بہادر جوانوں نے جام شہادت نوش کیا جن کو سلام پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑے ہیں۔

نماز جنازہ کے بعد شہداء کے جسد خاکی ان کے آبائی علاقوں کو روانہ کر دیے گئے جہاں انہیں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا جائے گا۔ بعد از نماز جنازہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے گورنر سندھ کے ہمراہ اس جگہ کا دورہ بھی کیا جہاں دہشت گردانہ حملہ ہوا تھا۔ سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔