گوردوارہ ڈیرہ صاحب میں مہاراجہ رنجیت سنگھ کی 187ویں برسی کی تقریب، سکھ یاتریوں نے پاکستان کے انتظامات کو مثالی قرار دے دیا

3

 

لاہور، 29 جون (اے پی پی): متروکہ وقف املاک بورڈ

(ETPB) کے زیر اہتمام مہاراجہ رنجیت سنگھ کی 187ویں برسی کی مرکزی تقریب گوردوارہ ڈیرہ صاحب لاہور میں عقیدت و احترام کے ساتھ منعقد ہوئی، جس میں بھارت سمیت مختلف ممالک سے آئے ہوئے سکھ یاتریوں، پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی (PSGPC) کے عہدیداران، متروکہ وقف املاک بورڈ کے افسران اور دیگر معزز شخصیات نے شرکت کی۔

تقریب میں سیکرٹری متروکہ وقف املاک بورڈ ناصر مشتاق نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی، جبکہ پردھان پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی سردار رمیش سنگھ اروڑہ، سیکرٹری جنرل PSGPC ستونت کور، پروفیسر ممپال سنگھ، کمیٹی کے دیگر اراکین اور بڑی تعداد میں سکھ یاتری بھی موجود تھے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری متروکہ وقف املاک بورڈ ناصر مشتاق نے کہا کہ چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ قمرالزمان کی ہدایات پر سکھ یاتریوں کے لیے رہائش، لنگر، ٹرانسپورٹ، طبی سہولیات، میڈیکل کیمپ، ایمبولینس سروس اور فوری طبی امداد سمیت ہر ممکن سہولت فراہم کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ مہاراجہ رنجیت سنگھ کی برسی باہمی احترام، مذہبی رواداری اور مشترکہ ثقافتی ورثے کی علامت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں مقیم سکھ جب چاہیں پاکستان آئیں، حکومت پاکستان اور متروکہ وقف املاک بورڈ ان کی خدمت اور مہمان نوازی کے لیے ہمیشہ تیار ہیں۔

پردھان پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے اپنے خطاب میں متروکہ وقف املاک بورڈ، ضلعی انتظامیہ اور PSGPC کے ارکان کی جانب سے سکھ یاتریوں کی بہترین خدمت اور مثالی مہمان نوازی کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ سکھ قوم پاکستان کے سر کا تاج ہے اور بھارت سمیت دنیا بھر سے آنے والی سکھ سنگت پاکستان سے محبت، امن اور بین المذاہب ہم آہنگی کا پیغام لے کر واپس جاتی ہے۔ انہوں نے سکھ برادری سے اپیل کی کہ گوردوارہ دربار صاحب کرتارپور کوریڈور کی جلد بحالی کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔

بھارتی سکھ یاتریوں نے پاکستان میں قیام کے دوران فراہم کی جانے والی سہولیات پر مکمل اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے گوردواروں کی دیکھ بھال، صفائی، تزئین و آرائش اور دیگر انتظامات کو قابلِ ستائش قرار دیا۔ سکھ یاتری ہرجندر کور نے کہا کہ پاکستان میں موجود گوردوارے پہلے سے کہیں زیادہ خوبصورت اور بہترین حالت میں ہیں۔ جتھہ لیڈر خوشویندر سنگھ نے رہائش، لنگر، ٹرانسپورٹ اور طبی سہولیات کو بہترین قرار دیتے ہوئے حکومت پاکستان اور متروکہ وقف املاک بورڈ کا شکریہ ادا کیا، جبکہ ہروندر سنگھ نے بورڈ کے انتظامات کو مثالی اور قابلِ تحسین قرار دیا۔

واضح رہے کہ مہاراجہ رنجیت سنگھ کی برسی میں شرکت کے لیے آنے والے بھارتی سکھ یاتری اپنا دس روزہ مذہبی دورہ مکمل کرنے کے بعد 30 جون کو واہگہ بارڈر کے راستے بھارت واپس روانہ ہوں گے، جہاں سیکرٹری متروکہ وقف املاک بورڈ ناصر مشتاق انہیں الوداع کریں گے۔