اسلام آباد، 17 جون)اے پی پی):گورنر سندھ نہال ہاشمی نے اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں قومی اہمیت کے حامل امور، پارلیمانی معاملات اور سندھ کی ترقی سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے نہال ہاشمی کو گورنر سندھ کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر اسپیکر نے وفاق اور صوبوں کے درمیان مؤثر رابطوں اور تعاون کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مضبوط وفاق کے لیے صوبوں کے ساتھ ہم آہنگی ناگزیر ہے۔
گورنر سندھ نہال ہاشمی نے ایوان کی کارروائی غیر جانبدارانہ انداز میں چلانے پر اسپیکر سردار ایاز صادق کو سراہا اور ان کی پارلیمانی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے جمہوری اداروں کے استحکام اور پارلیمانی روایات کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا۔
اس اہم ملاقات میں وفاقی وزیر برائے داخلہ سید محسن رضا نقوی اور وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے بھی شرکت کی۔ اس کے علاوہ اراکین قومی اسمبلی اعجاز حسین جاکھرانی اور عبدالقادر پٹیل بھی موجود تھے۔











