آج پاکستان معاشی ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور عالمی برادری میں اس کا مقام مزید مستحکم ہو رہا ہے، حافظ محمد نعمان

3

اسلام آباد،17 جون(اے پی پی): رکن قومی اسمبلی حافظ محمد نعمان نے کہا ہے کہ آج پاکستان معاشی ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور عالمی برادری میں اس کا مقام مزید مستحکم ہو رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ مالی سال کا بجٹ ترقی اور معاشی نمو کا بجٹ ہے، جس میں آئی ٹی، تعلیم، صحت، نوجوانوں، کسانوں اور دیگر شعبوں کی بہتری کے لیے اہم اقدامات تجویز کیے گئے ہیں، جن سے ملک کی معیشت مزید مضبوط ہوگی۔

آج قومی اسمبلی میں بجٹ 27-2026 پر جاری بحث میں حصہ لیتے ہوئے حافظ محمد نعمان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت نے تمام شعبوں کی بہتری کے لیے اقدامات کیے ہیں، ریئل اسٹیٹ سیکٹر کو ریلیف فراہم کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ صنعتوں کا پہیہ چلنے، کسانوں کو سہولتوں کی فراہمی اور نوجوانوں کی اسکل ڈویلپمنٹ سے ہی ملک معاشی مسائل سے نکل کر ترقی کی راہ پر گامزن ہو سکتا ہے، اسی لیے یہ بجٹ امید اور ترقی کا پیغام لے کر آیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاور سیکٹر میں جاری اصلاحات انتہائی اہم ہیں تاکہ عوام کو سستی بجلی کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے اور ملک کو گرین انرجی کی جانب منتقل کرنے کی کوششیں کامیاب ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ مالی سال 27-2026 خوشحالی، امن اور ترقی کا سال ثابت ہوگا۔

حافظ محمد نعمان نے وزیراعظم محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی کامیاب سفارتی کوششوں کی بدولت نہ صرف عالمی سطح پر پاکستان کا وقار بلند ہوا بلکہ دنیا کو جنگ کے خطرات سے بچانے اور امن کے قیام میں بھی پاکستان نے مثبت کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان پیش رفتوں سے عالمی سطح پر پاکستان کی نیک نامی اور عزت میں اضافہ ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے اور ملکی سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے افواج پاکستان اور ملک کے تحفظ کے لیے قربانیاں دینے والے تمام افراد کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم ان کی خدمات اور قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔